ووٹ کے لیے دوران عدت بیوہ کے گھر سے نکلنے کی شرعاً گنجائش نہیں، جامعہ بنوریہ کا فتویٰ - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

ووٹ کے لیے دوران عدت بیوہ کے گھر سے نکلنے کی شرعاً گنجائش نہیں، جامعہ بنوریہ کا فتویٰ

 کراچی:  جامعہ بنوریہ العالمیہ کے دارالافتا نے اپنے فتوے میں کہاہے کہ عام حالات میں جمہور اہل علم کے نزدیک قرآن و سنت کے واضح نصوص کی روشنی میں ووٹ ڈالنا ایسی شرعی ضرورت اور مجبوری میں داخل نہیں جس کے لیے شریعت کے دائرے میں عورت کو دوران عدت گھر سے نکلنے کی گنجائش دی جاسکے۔

یہ فتویٰ ایک تحریری سوال کے جواب میں دیا گیاہے۔ سوال میں پوچھاگیا ہے کہ  ’’کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس بارے میں کہ پاکستان نیشنل اسمبلی کی ممبر خاتون  اس وقت عدت میں ہے  اور سینیٹ میں ووٹ کاسٹ کرکے لیے اسلام آباد جانا چاہتی ہے، برائے مہربانی  سینیٹ کے انتخاب کی اہمیت  کو مد نظر رکھتے ہوئے شرعی طور پر رہنمائی فرمائیں ، کیا وہ ممبر خاتون دوران عدت کراچی سے اسلام آباد اپنا ووٹ کاسٹ کرنے جاسکتی ہے یا نہیں ؟ ‘‘

اس سوال کے جواب میں فتوے میں کہاگیا ہے کہ  ’’عدت گزارنا قرآن  و سنت اور فقہ اسلامی  رو سے شرعاً واجب اور اس دوران شرعی احکام کی پاسداری لازم ہے، البتہ عورت شرعی یا طبعی ضروتوں میں اس کی مجبوری کو ملحوظ  رکھتے ہوئے شریعت مطہرہ نے اس کو بقدر ضرورت گھر سے نکلنے کی اجازت دی ہے، جہاں تک ووٹ ڈالنے کا معاملہ ہے تو بعض معاصر اہل علم ووٹ کے شرعی شہادت ہونے کی وجہ سے اگرچہ اس کو بھی ضرورت میں داخل کرکے معتدہ (عدت والی عورت)کواس کے لیے گھر سے نکلنے کی گنجائش دی ہے، مگر عام حالات میں جمہور اہل علم کے نزدیک قرآن  و سنت  کے واضح نصوص کی روشنی میں ووٹ ڈالنا ایسی شرعی ضرورت اور مجبوری میں داخل نہیں، جس کے لیے شریعت کے دائرے میں عورت کو دوران عدت گھر سے نکلنے کی گنجائش دی جاسکے۔

فتوے میں مزید کہا گیا ہے کہ  ملکی قانون میں ایسے معذور یا بیمار افراد جو بیماری یا عذر کی وجہ سے بذات خود چل کر ایوان میں ووٹ ڈالنے کے لیے نہ آسکتے ہوں، ان کے لیے  قانون میں جو بھی متبادل صورت ہو وہ اختیار کی جائے۔ اگر قانون میں کوئی متبادل نہ ہو تو یہ ایک قانونی سقم ہے جس کا دور کرنا ضروری معلوم ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیوایم )نو منتخب خاتون ممبر سینیٹ کے بارے میں بتایا گیا تھاکہ شوہر کے انتقال کے باعث وہ عدت میں ہیں اور جمعہ ( آج ) کے سینیٹ اجلاس میں شرکت کے حوالے سے انھوں نے جامعہ بنوریہ العالمیہ اور دیگر اداروں سے شرعی حکم معلوم کیا ہے۔ جامعہ بنوریہ العالمیہ سے یہ فتویٰ 11 مارچ 2021ء کو جاری کیاگیاہے۔

The post ووٹ کے لیے دوران عدت بیوہ کے گھر سے نکلنے کی شرعاً گنجائش نہیں، جامعہ بنوریہ کا فتویٰ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3vgq0Ls