گلگت: گلگت بلتستان اسمبلی نے گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کی قرارداد منظور کرلی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید اور قائد حزب اختلاف امجد حسین ایڈوکیٹ نے گلگت بلتستان اسمبلی میں گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کی قرارداد پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔
قرارداد میں گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے، قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت، وزیراعظم اور ریاستی ادارے گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبے کا درجہ دے کر اسے قومی اسمبلی اور دیگر وفاقی اداروں میں مناسب نمائندگی دیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ قرار دینے کے لئے دستور پاکستان میں ترمیم کی جائے۔ اس سلسلے میں آئین میں ترامیم کا بل پارلیمنٹ سے منظور کرایا جائے، آئینی ترامیم میں اس بات کا خیال رکھا جائے کہ اس سے مسئلہ کشمیر متاثر نہ ہو۔ گلگت بلتستان کے عوام کشمیری بھائیوں کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کے گزشتہ انتخابات کے دوران اسے عبوری صوبے کا درجہ دینے کا اعلان کیا تھا۔
The post جی بی اسمبلی سے گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کی قرارداد منظور appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3rwLtNI