کے ایم سی لینڈ ڈپارٹمنٹ میں کرپشن کا بازار گرم - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

کے ایم سی لینڈ ڈپارٹمنٹ میں کرپشن کا بازار گرم

 کراچی:  بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پھر سے لینڈ مافیا نے پنجے گاڑھ لیے، ڈائریکٹر لینڈ طارق صدیقی کے خلاف سنگین کرپشن اور بدعنوانیوں کے واضح شواہد پر لوکل گورنمنٹ بورڈ کی کارروائی کی سفارشات کرپٹ مافیا نے ردی کی نذر کرادیں، کے ایم سی لینڈ ڈپارٹمنٹ میں بدعنوانیوں کا بازار گرم کردیا گیا، ٹرانسفر،موٹیشن ، لیز اور فارروڈنگ کے کام کرانا شہریوں کے لیے محال ہوگیا، کھلے عام رشوت وصولی کے باوجود ادارے کے حکام پراسرار طور پر خاموش ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی میں طاقتور لینڈ مافیا کی مبینہ خواہش پر تعینات کیے جانے والے ڈائریکٹر لینڈ طارق صدیقی کے خلاف بدعنوانی کے واضح شواہد کے باوجود سندھ حکومت کارروائی سے قاصر ہے، ذرائع کاکہنا ہے کہ کے ایم سی محکمہ لینڈ میں کرپشن اور بدعنوانی کا بازار گرم ہے جس سے کراچی کے شہریوں کے لیے اپنے پلاٹ،مکان اور فلیٹس کی ٹرانسفر،موٹیشن،لیز یا فارروڈنگ کے کام منہ مانگے نذرانوں کے بغیر کرانا ناممکن بنادیا گیا ہے شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ طارق صدیقی کی تعیناتی کے بعد مبینہ رشوت اضافہ کردیا گیا۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ محکمہ لینڈ کے ایم سی میں شہریوں سے لوٹ مار کے واضح شواہد اور شکایات پر لوکل گورنمنٹ بورڈ کی جانب سے ڈائریکٹر لینڈ طارق صدیقی کے خلاف فوری کارروائی اور تحقیقات کے لیے سفارشات تیار کرکے سیکریٹری بلدیات کو بھیجی گئی تھیں۔

تاہم مذکورہ کارروائی کی سفارشات کو طاقتور کرپٹ سسٹم نے ردی کی نذر کرادیا ہے، کے ایم سی محکمہ لینڈ میں کھلے عام جاری کرپشن اور لوٹ مار پر ایڈ منسٹریٹر کراچی لئیق احمد اور میونسپل کمشنر افضل زیدی نے پراسرار طور پر خاموشی اختیار کررکھی ہے جبکہ دوسری طرف لوکل گورنمنٹ بورڈ کی جانب سے سیکریٹری بلدیات کو بھیجی گئی سفارشات ردی کی نذر کرائے جانے پر سیکریٹری بلدیات نجم شاہ کا بھی کردار مشکوک ہوکر رہ گیا ہے،شہری حلقوں اور کے ایم سی کے سینئر افسران کا کہنا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی میں کرپٹ مافیاکی بادشاہت قائم ہوچکی ہے جس کے باعث کے ایم سی کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت کی ساکھ بری طرح سے متاثر ہورہی ہے۔

شہری حلقوں کا مطالبہ ہے کہ ڈائریکٹر لینڈ طارق صدیقی سمیت صدر زون میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈاور دیگر افسران کے خلاف فوری تحقیقات اور کارروائی کی جائے اور لوکل گورنمنٹ بورڈ کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے سیکریٹری بلدیات دیگر بلدیاتی اداروں کے کرپٹ افسران کی طرح کے ایم سی کی کرپٹ مافیا کے خلاف بھی فوری احتساب کا عمل شروع کریں۔

The post کے ایم سی لینڈ ڈپارٹمنٹ میں کرپشن کا بازار گرم appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3a04WQw