کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک اور 5 کو گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ دہشت گردوں سے تیار خودکش جیکٹس ، اور بارود سے بھرا رکشا ملا ہے۔
کراچی میں حساس ادارے کی جانب سے شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر A/21 میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے پیر کی علی الصبح مذکورہ مکان کو گھیرے میں لے لیا، ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ اور دستی بم سے حملہ کردیا جس پر پولیس نے بھی مورچہ بند ہو کر جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر ایک دہشت گرد مارا گیا جب کہ 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
کارروائی کے بعد بم ڈسپوزل اسکوڈ کے انسپکٹر کاشف اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور خودکش جیکٹ اور ڈیٹونیٹر اور دیگر بارودی مواد کو ڈیفیوز کیا جب کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے کی مکمل سرچنگ کی۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے دو راکٹ ،2 بلاک بم ، 4 خودکش جیکٹس، 15 دستی بم ، 4 کلاشنکوف ، ڈیٹو نیٹر اور بارود سے تیار سی این جی رکشا برآمد ہوا ہے، رکشا کے سیٹ کے نتیجے بال بیرنگ اور نٹ بولڈ رکھے گئے تھے ، برآمد کئے گئے اسلحے کی فرانزک جانچ کرائی جائے گی۔
ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ دو ہفتے قبل شہر میں دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں ایک ہائی الرٹ جاری کیا گیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ دہشت گرد بارود سے بھرے گاڑی کے ذریعے بڑی کارروائی کر سکتے ہیں ، گرفتار دہشت گرد وہی ہیں جن کے بارے میں الرٹ جاری کیا گیا تھا ، گرفتار و ہلاک ملزمان کی شناخت کے حوالے سے بعد میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا ، ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں سے پولیس کارروائی کے بعد چھیپا سردخانے منتقل کر دی گئی۔
The post کراچی میں دہشت گردی کی بڑی سازش ناکام، خودکش جیکٹ اور بارود سے بھرا رکشا برآمد appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3tvs0OW