اسلام آباد: وفاقی محتسب نے کورونا کا شکار سیکڑوں قیدیوں کے جیلوں میں قید ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
جیلوں میں قید خواتین کی حالت زار سے متعلق از خود نوٹس پر وفاقی محتسب نے آٹھویں پیش رفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔
رپورٹ میں کورونا کا شکار سیکڑوں قیدی جیلوں میں قید ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا گیا کہ سندھ کی جیلوں میں سب سے زیادہ 291 کورونا مثبت قیدی موجود ہیں، کے پی میں 126، بلوچستان میں 80 اور پنجاب کی جیلوں میں 3 کورونا مثبت قیدی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بلوچستان کے علاوہ تینوں صوبوں کی جیلوں میں استعداد سے زیادہ قیدی ہیں جبکہ سب سے زیادہ خواتین پنجاب کی جیلوں میں قید ہیں۔
وفاقی محتسب نے ہر ضلع اور اسلام آباد میں جیل قائم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ جیلوں میں خواتین، کمسن اور نشے کے عادی قیدیوں کیلئے الگ جگہ مختص ہونی چاہیے، ان کی فلاح اور تعلیم کیلئے مناسب انتظام کیا جائے۔
وفاق اور صوبوں کے ہر ضلع میں جیلیں قائم کرنے کا کام جاری ہے، ان دونوں نے انڈر ٹرائل قیدیوں کی قانونی امداد کیلئے کمیٹیاں قائم کر دی ہیں، قیدیوں کی تعلیم اور ہنر سکھانے پر بھی کام کیا جارہا ہے۔
The post کورونا کا شکار سیکڑوں قیدیوں کے جیلوں میں قید ہونے کا انکشاف appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3oCLwWM