کراچی: سال 2020 کے دوران کوویڈ19کے مریضوں کاعلاج کرنے والے154 ڈاکٹرز اور27 پیرامیڈیکل و نرسنگ کا عملہ جان کی بازی ہارگیا جبکہ کوویڈ19کے علاج کے دوران اس وائرس کا پہلا شکار ڈاکٹر اسامہ ہوئے۔
کراچی میں رواں سال اکتوبر میں کوویڈ19 وائرس نے دوبارہ شدت اختیارکی اور نومبر سے دسمبرتک اس وائرس کا پھیلاؤاپنے عروج پر رہا، 2ماہ میںبیماری کی شدت10فیصد تک دیکھنے میں آئی،اسی دوران شرح اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا جس کی بنیادی وجہ عوام کی طرف سے حکومت کی جانب سے جاری احتیاطی تدابیرپرعمل درآمدنہ کرنا تھا۔
کراچی کے سرکاری و نجی اسپتالوں میں مریضوں کا شدید دباؤ رہا جبکہ لیبارٹریوں پرمتاثرین اور مشتبہ مریضوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا،صوبے میں کوویڈ19کے باعث انتقال کرجانے والوں کی مجموعی تعداد3520 ہوچکی ہے۔
کراچی کے ڈائریکٹرصحت ڈاکٹرندیم شیخ کے مطابق کراچی کے مختلف اضلاع میں کوروناکے 143880 مریض رپورٹ ہوئے ہیں ان میں سے 126173 مریض صحت یاب ہوئے جبکہ 2880 جان کی بازی ہارچکے ہیں،کراچی میں ایک طرف کوویڈ 19 نے اپنی تباہ کاریاں جاری رکھی ہوئی ہیں تودوسری طرف بدقسمتی سے 29دسمبر کو برطانیہ سے نئی شکل کا کورونا وائرس کراچی پہنچ گیا ہے جس کے بعدصورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے۔
کراچی کے ڈاکٹر روتھ فاؤ سول اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹرنور محمد سومرو نے ایکسپریس کو اعداد وشمار دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 10 ماہ میں سول اسپتال میں کورونا کے 1736 مریض داخل ہوئے،ان میں سے 424 مریض جاں بحق ہوئے جبکہ 1486 مریض صحت یاب ہوئے کرگھر چلے گئے، نومبر اور دسمبر کے مہینے میں کورونا کے مریضوں کی تعدا د میں اضافہ دیکھنے میں آیا، اس دوران اسپتال کی اوپی ڈی میں کوویڈ کے 55200 مریضوں کی رجسٹر یشن کی گئی ان میں سے مارچ میں581، اپریل میں3616، مئی میں 4717 جون میں 6905، جولائی میں 4423، اگست میں 2976، ستمبر میں 5646، اکتوبر میں 7507، نومبر میں 14140 جبکہ دسمبر میں 4689 افرادمتاثرہوئے، سب سے زیادہ مریض نومبر اور دسمبر میں رپورٹ ہوئےْ
سول اسپتال کی جاری رپورٹ کے مطابق اسپتال میں لائے جانے والے کورونا کے 11535 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے بتایا کہ مارچ سے دسمبر کے دوران ملک بھر میںکوویڈ کے مریضوں کے علاج کے دوران 154 ڈاکٹرز اور27 پیرامیڈیکل ونرسنگ عملہ کوویڈکی وجہ سے جاںبحق ہوا،کوویڈ سے جان بحق ہونے والا پہلا ڈاکٹر کا نام اسامہ تھا جس کا تعلق گلگت سے تھا۔
این آئی سی ایچ میں کوروناسے متاثرہ 16بچے انتقال کرگئے،پروفیسرجمال
قومی ادارہ برائے امراض اطفال (NICH) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر جمال رضا کے مطابق بچوں کے اسپتا ل میں10 ماہ میں 96 کوویڈ میں مبتلا بچے اسپتال لائے گئے جن میں سے 77 بچوں میں کوویڈ وائرس کی تصدیق ہوئی ان بچوں میں 45 بچے صحتیاب ہوئے جبکہ 16 انتقال کرگئے ۔
ڈاؤاسپتال اورانڈس اسپتال میں1 لاکھ 68350مریضوں کے ٹیسٹ
ڈاؤیونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق10ماہ میں ڈاؤ اوجھاکیمپس اسپتال میںکوویڈ کے ایک لاکھ مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 19فیصدکے نتائج مثبت آئے،انڈس اسپتال کراچی کے ترجمان کے مطابق 10ماہ میں 68350 مریضوں کے کوویڈ ٹیسٹ کیے گئے جنمیں سے16900 ٹیسٹ مثبت آئے،علاوہ ازیںآغاخان اسپتال کے ترجمان نے کوویڈ کے مریضوں کے اعدادوشمار بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا یہ ہماری پالیسی میں شامل نہیں۔
جناح اسپتال میں کوروناکے54مریض جاں بحق،37زیرعلاج ہیں،سیمی جمالی
جناح اسپتال کراچی کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق جناح اسپتال میں10 ماہ کے دوران 22871 مریضوںکے کوویڈ 19کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے1405مریضوںکے ٹیسٹ مثبت آئے جنھیں اسپتال میں داخل کیا گیا،ان میں سے 54 مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ اسپتال میں 37 مریض زیر علاج ہیں،یہ اعداد وشمار29دسمبر تک کے ہیں۔
برطانیہ سے نئی شکل والاوائرس کراچی پہنچ گیا
برطانیہ سے نئی شکل والاکوروناوائرس کراچی پہنچ گیا، متاثرہ مریض کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں، برطانیہ سے کراچی پہنچنے والے 12 میں سے 6 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ان 6 مسافروں میں سے 3 مسافروں میں نئے وائرس کا انکشاف ہوا ہے۔
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا نے تصدیق کرتے ہوئے ایکسپریس کو بتایا کہ برطانیہ سے کراچی پہنچنے والے 12 مسافروں کے کوویڈ کے نمونے حاصل کیے گئے، ان میں سے 6 مسافروں کو کوویڈ (پازیٹیو) کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 6 مسافروں میں سے 3 مسافروں میں کوویڈ وائرس کی نئی شکل کا انکشاف ہوا ہے۔
وزیر صحت کے مطابق، جینوٹاپینگ Genotyping ٹیسٹ کے ذریعے یہ معلوم ہوا ہے کہ ان 3 مریضوں میں 95 فیصداس نئے وائرس کاشکارہیں،انھوں نے بتایا ہے کہ نئے وائرس کی مزید تصدیق کیلیے نمونے مخلتف لیبارٹری بھیجے گئے ہیں۔
لیاری جنرل اسپتال میں کوروناکے50 مریض مردہ حالت میںلائے گئے تھے،ڈاکٹرآغازبیر
لیاری جنرل اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر آغازبیرکے مطابق 10 ماہ کے دوران کوویڈ میں مبتلا 709 مریض اسپتال لائے گئے جن میں سے 389 مریض صحت یاب ہوئے جبکہ 217 مریض انتقال کرگئے جبکہ اسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ 50 مریض مردہ حالت میں لائے گئے تھے اوراب 60 مریض زیرعلاج ہیں۔
The post سال 2020؛ کورونا 154 ڈاکٹرز اور 27 طبی ملازمین کو نگل گیا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/380pVls