کراچی: چارجڈ پارکنگ کی مد میں گاڑی مالکان سے مقرر کردہ فیس سے زائد رقم وصول کرنے پر پارکنگ مافیا کے 10 ملازم اور کارندوں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر درج کرادی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر وایڈمنسٹریٹر جنوبی ارشاد علی سوڈھر کی ہدایت پر بلدیہ جنوبی کے محکمہ چارجڈ پارکنگ نے جعلی رسیدوں کے ذریعے چارجڈ پارکنگ کی مد میں گاڑی مالکان سے مقرر کردہ فیس سے زائد رقم وصول کرنے پرکارروائی کرتے ہوئے کوآپریٹیو مارکیٹ صدر، موبائل مارکیٹ عبداللہ ہارون روڈ، سول اسپتال اور اطراف کے علاقوں سمیت مریم مارکیٹ سے پارکنگ مافیا کے 10 ملازم اور کارندوں کو گرفتارکراکران کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر درج کرادی ہیں۔
ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ جنوبی تنویراحمد نے مختیارکار صدرثنا اللہ اور مختیارکارگارڈن عامر منگی کے ہمراہ چارجڈ پارکنگ کی مختلف سائٹس پر چھاپہ مارکر مالی فائدے کے لیے اپنے کارندوں کواستعمال کرکے زائد فیس وصول کرنے والوں کوگرفتار کرلیا۔
واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر وایڈمنسٹریٹر جنوبی ارشاد علی سوڈھر کی جانب سے محکمہ چارجڈ پارکنگ کے افسران کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ پارکنگ مافیا کی سرکوبی کے لیے فوری اور سخت کارروائی کی جائے، یہ سراسر غیرقانونی اورقابل سزا جرم ہے، ادارے میں محکمہ چارجڈ پاکنگ سمیت کسی بھی سطح پر کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کو پارکنگ کے نام پر لوٹنے والے عناصر کی سرپرستی میں کوئی افسر یا اہلکار ملوث پایا گیا تواس کے خلاف بھی سخت محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ پارکنگ مافیا کے خلاف بلدیہ جنوبی سے تعاون کرتے ہوئے ایسے عناصر کی نشاندہی کریں اور کسی بھی مقام پر زائد فیس کی وصولی پر بلدیہ جنوبی کے شکایتی سینٹر فون نمبر 99211429، 99211390 پر فوری اطلاع دیں۔
واضح رہے کہ قانونی طور پر موٹر سائیکل کی پارکنگ فیس 10 روپے جبکہ کار، ہائی روف اور رکشا کی فیس 20 روپے مقرر ہے۔
The post غیر قانونی چارجڈ پارکنگ فیس لینے والے 10 افراد گرفتار appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2KJwXSX