کراچی: ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے رواں سال 2020 میں شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والے واقعات جس میں فائرنگ، ٹریفک حادثات، خودکشی، دھماکوں، تشدد زدہ، ڈوبی ہوئی اور نوازئیدہ بچوں کی لاشوں کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے جبکہ رواں مختلف علاقوں میں مریضوں کو پہنچنے اور کورونا جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بھی جاری کی ہے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال 2020 میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 25 ہزار 380 مریضوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جبکہ کورونا سے 3 ہزار 318 افراد جاں بحق ہوئے جس میں مارچ میں13 ، اپریل میں 165 ، مئی میں 501 ، جون میں سب سے زیادہ 934 ، جولائی میں 578 ، اگست میں 126 ، ستمبر میں 40 ، اکتوبر میں 53 ، نومبر میں 294 جبکہ دسمبر میں 605 افراد جاں بحق ہوئے۔
ایدھی ریکارڈ کے مطابق سال 2020 کے دوران ٹریفک حادثے میں679 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 9 ہزار 111افراد زخمی ہوئے ،جنوری کے مہینے میں 98 ، فروری میں 78 ، مارچ میں 36 ، اپریل میں 27 ، مئی میں 42 ، جون میں 55 ، جولائی میں 46 ، اگست میں 49 ، ستمبر میں 64 ، اکتوبر میں 71 ، نومبر میں 85 جبکہ دسمبر میں 28 افراد ٹریفک حادثات میں زندگی سے محروم ہوگئے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے اعداد و شمار کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 315 افراد جاں بحق جبکہ 786 افراد زخمی ہوئے ، فائرنگ سے ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں 44 رواں سال نومبر میں ہوئیں جبکہ سب سے زیادہ زخمی 95 بھی نومبر میں ہوئے ، شہر کے مختلف علاقوں سے ملنے والی 103 تشدد زدہ لاشوں کو ایدھی کے رضا کاروں نے شہر کے مختلف اسپتالوں میں پہنچایا جس میں سب سے زیادہ 19 لاشیں مئی کے مہینے میں ملیں۔
ایدھی کے جاری اعداد و شمار کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں سے ملنے والی ڈوبی ہوئی 186 لاشوں کو ایدھی کے رضا کاروں نے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا ، خودکشی کے واقعات میں موت کو گلے لگانے والے 145 افراد جس میں خواتین بھی شامل ہیں انھیں ضابطے کی کارروائی کے لیے جائے وقوع سے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا۔
شہرمیں مختلف دھماکوں میں 42 افراد جاں بحق جبکہ 129 افراد زخمی ہوئے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں سے ملنے والی 303 نوزائیدہ بچوں کی لاشوں کو بھی ایدھی کے رضا کاروں نے سرد خانے منتقل کیا ، شہر میں مختلف دیگر واقعات میں 804 افراد جاں بحق جبکہ 212 افراد زخمی ہوئے۔
The post رواں سال مختلف علاقوں سے 303 بچوں کی لاشیں ملیں appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3rIwxfV