اسلام آباد: پاکستان ایئرفورس نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔
ملکی فضائی دفاع میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے کہ پاک فضائیہ کے جدید ترین لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3 کی تیاری شروع کردی گئی اور جے ایف 17 ڈبل سیٹ طیارے بھی پاک فضائیہ کے بیڑے میں شامل ہوگئے۔
پاک فضائیہ کا جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3 نئے ریڈار کے ساتھ آپریشنل ہوگا اور بھارت کے حاصل کردہ رافیل سے بہتر ہوگا۔
اسی کے ساتھ ساتھ پاک چین تعاون سے تیار کردہ 14 ڈبل سیٹ طیارے بھی آج پاک فضائیہ کے حوالے کیے گئے جو تربیت کیلئے بھی استعمال ہوں گے۔ ڈبل سیٹ جے ایف 17 کی فضائیہ کے بیڑے میں شمولیت سے بھی ملکی دفاع مزید مضبوط ہوگا۔
اسلام آباد میں جے ایف 17 ڈبل سیٹ طیاروں کی بیڑے میں شمولیت اور جے ایف 17 بلاک تھری مینوفیکچرنگ کے آغاز کی تقریب ہوئی۔ چین کے سفیر نونگ رونگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے ایف سترہ بلاک ٹو ڈوئل سیٹ کی پاک فضائیہ میں شمولیت کی مبارک باد دیتے ہیں، پاک فضائیہ بلاک تھری بہت اہم منصوبہ ہے، دفاعی پیداوار میں تعاون ہماری دوستی کی مثال ہے۔
سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ آج جے ایف 17 بلاک B کے ڈبل سیٹ طیاروں کی شمولیت ہورہی ہے، آج ہی کے روز جے ایف 17 بلاک 3 کی طرف بھی پیش رفت کررہے ہیں، اس سنگ میل کو عبور کرنے پر چین کے شکر گزار ہیں۔
قلیل دفاعی بجٹ کے باوجود پاکستان کا کامرہ کمپلیکس نومبر 2009 کے بعد سے اب تک سو سے زائد ملکی ساختہ جے ایف17 بلاک ون اور بلاک ٹو طیارے بنا کر پاک فضائیہ کے حوالے کر چکا ہے۔
حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں اس طیارے نے ملکی دفاع میں اہم کردار ادا کیا تھا اور ایل او سی پر بھارت کے ٹیکنالوجی میں برتر دو طیارے گرا کر پورے پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا تھا۔
The post جے ایف 17 ڈبل سیٹ طیاروں کی پاک فضائیہ میں شمولیت، بلاک 3 کی تیاری بھی شروع appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3rGN9EO