کراچی: لاہور قلندرز پہلی بار پی ایس ایل ٹائٹل پر قبضہ جمانے کیلیے بے تاب ہیں۔
پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ https://ift.tt/2QIuKoB کے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہاکہ کراچی ہمارے کیلیے دوسرے ہوم گراؤنڈ جیسا ہے،بطور پروفیشنل کرکٹر ہمیں کسی بھی وینیو پر کھیلنے کیلیے تیار رہنا چاہیے، اگرچہ اسٹیڈیم میں تماشائی موجود نہیں ہوں گے مگر ہم ٹرافی جیت کر ملک بھر میں موجود اپنے پرستاروں کی بڑی تعداد کے نام کرنا چاہتے ہیں، درخواست ہے کہ وہ ہمیں گھروں میں بیٹھ کر بھرپور سپورٹ کریں۔
ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ امید ہے بین ڈنک لیگ مرحلے کی زبردست کارکردگی کا سلسلہ پلے آف میچز میں بھی برقرار رکھیں گے۔ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ اور زمبابوے کیخلاف سیریز میں زبردست فارم میں نظر آنے والے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف،محمد حفیظ کے ساتھ فخرزمان سے بھی اچھی کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں۔
سہیل اختر نے کہا کہ مجھے آسٹریلیا اور یو اے ای میں پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام ٹیموں کی قیادت کرنے کا موقع ملا، اس لیے لاہور قلندرز کی کمان سنبھالنے سے قبل تجربہ حاصل تھا، ہمارے بیشتر کھلاڑی اسی پروگرام سے آگے آئے ہیں، سارا سال ان کے ساتھ کھیلتے رہنے کی وجہ سے صلاحیتوں سے آگاہ ہوں، مجھے ان سے کام لینے میں بھی آسانی ہوتی ہے۔
قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں ناردرن کی جانب سے صرف 3میچز کھیلنے کا موقع پانے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ اس میں میرے لیے پریشانی کی کوئی بات نہیں تھی،اسکواڈ میں بیشتر باصلاحیت کھلاڑی شامل ہونے کی وجہ سے جگہ نہیں بن سکی، ڈومیسٹک ایونٹ اور پی ایس ایل کے مزاج میں فرق ہونے کی وجہ سے خدشہ نہیں کہ میری کارکردگی متاثر ہوگی۔
The post قلندرز پہلی بار ٹائٹل پر قبضے کیلیے بے تاب appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2IlqJay