کراچی: پاکستان کا ہیلتھ اسٹارٹ اپ یمن کے جنگ زدہ علاقوں میں ٹیلی ہیلتھ میڈیسن کے ذریعے طبی مشاورت اور علاج کی خدمات فراہم کرے گا۔
پاکستان میں گھروں میں بیٹھی خواتین ڈاکٹرز کو فعال کرکے زچہ و بچہ کی صحت کی بہتری اور کورونا کی وبا کے دوران سندھ حکومت کے اشتراک سے ٹیلی ہیلتھ کے ذریعے صوبے میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی نگہداشت کرنے والے ادارے ایجوکاسٹ کے ٹیلی ہیلتھ سلوشن ای ڈاکٹر کو یمن کے جنگ زدہ علاقوں میں ٹیلی کلینکس قائم کرنے کی اجازت مل گئی ہے جو رواں ہفتہ سے فعال کر دیے جائیں گے، ٹیلی ہیلتھ کلینک کے ذریعے پاکستان کے علاوہ مڈل ایسٹ، سعودی عرب، امریکا، برطانیہ اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی خواتین ڈاکٹرز جنگ زدہ علاقوں میں متاثرہ خواتین اور بچوں کی طبی مشاورت اور علاج کے لیے خدمات فراہم کریں گی۔
ایجوکاسٹ کے بانی عبداللہ بٹ نے بتایا کہ ایجو کاسٹ کے ای ڈاکٹر سلوشن کو یمن کے صوبائی دارلحکومت زنجبار کے سرکاری اسپتال میں ٹیلی ہیلتھ کلینک کے قیام کی اجازت مل گئی ہے، یہ کلینک جنگ سے متاثرہ افراد کیلیے قائم کردہ کیمپس میں مقیم بچوں اور خواتین کو طبی سہولیات فراہم کرے گا، پاکستان کی لائسنس یافتہ 15ممالک میں مقیم خواتین ڈاکٹروں پر مشتمل یہ سلوشن نہ صرف یمن کا پہلا ٹیلی ہیلتھ سلوشن ہے بلکہ دنیا کے کسی بھی ملک میں ٹیلی ہیلتھ کلینک کے ذریعے جنگ سے متاثرہ کمیونٹیز کوطبی سہولتوں کی فراہمی کا بھی پہلا پروجیکٹ ہوگا۔
ای ڈاکٹرنے کوروناوبامیں صحت کے نظام پر دباؤکم کیاتھا
پاکستان میں کورونا کی وبا کے دوران ہیلتھ کیئر سسٹم پر پڑنے والے دباؤ کو کامیابی کے ساتھ کم کرنے والے سلوشن ای ڈاکٹر کے یمن میں قائم کردہ ٹیلی ہیلتھ کلینک سے پیرامیڈیکل اسٹاف کی تربیت بھی کی جائے گی تاکہ وہ جنگ زدہ علاقوں میں قائم کیمپوں میں مقیم خواتین اور بچوں کو درپیش صحت کے مسائل حل کر سکیں۔
یہ بات ایجوکاسٹ کے بانی عبداللہ بٹ نے گفتگو میں بتائی ،انھوں نے کہا کہ یمن کے پیرامیڈکل اسٹاف کی تربیت برطانیہ، امریکا، کینیڈا اور آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی طبی ماہرین انجام دیں گے، انھوں نے کہا کہ عدن شہر سے ایجوکاسٹ کے پراجیکٹ کا ابھی آغاز ہوا ہے جس کا دائرہ جلد ہی جنگ سے متاثرہ یمن کے دیگر مشرقی علاقوں تک وسیع کیا جائے گا۔
ایجوکاسٹ کواسلامی ترقیاتی بینک نے گرانٹ فراہم کی
جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل ٹیلی ہیلتھ سلوشن مہیا کرنے والے ادارے ایجوکاسٹ Educast کو حال ہی میں اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے گرانٹ بھی فراہم کی گئی ہے جو انقلابی ڈیجیٹل ہیلتھ سروسز کے ذریعے پاکستان میں زچہ و بچہ کی شرح اموات کو کم کرنے اور طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے استعمال کی جائے گی، ایجوکاسٹ کے اس پراجیکٹ سے 800لیڈی ڈاکٹرز منسلک ہیں جنھیں خصوصی ریفریشر کورسز کے ذریعے پریکٹس کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔
نفسیاتی مسائل سے دوچارخواتین کی سائیکو تھراپی ہو گی
پاکستانی ٹیلی ہیلتھ سلوشن یمن کے جنگ زدہ علاقوں میں نفسیاتی مسائل سے دوچار خواتین کو سائیکو تھراپی بھی فراہم کرے گا ،اس مقصد کے لیے سنگاپور میں مقیم معروف ماہر نفسیات عندلیب قاضی خدمات فراہم کریںگی، جنگ کی تباہ کاریوں سے خواتین کو بہت زیادہ نفسیاتی مسائل کا سامنا ہے، جنگ میں ہلاک ہونیو الے افراد کی بیواؤں کو نفسیاتی مسائل سے کا مقابلہ کرنے میں بھی یہ سلوشن خدمات فراہم کرے گا۔
ایجوکاسٹ کا یمن میں قائم ہونیوالا مرکز مقامی پیرا میڈیکس کی مدد سے کام کرے گا جو عربی اور انگریزی بول چال میں مہارت رکھتی ہیں یہ پیرامیڈیکس مریضوں کا طبی معائنہ اور اسسٹمنٹ میں ڈاکٹروں کی مدد کریں گے۔
پاکستانی لیڈی ڈاکٹرز ان پیرا میڈکس کو بھی تربیت فراہم کریں گی تاکہ مقامی پیرامیڈکس زچہ و بچہ کی نگہداشت بالخصوص زچگی کے دوران پیش آنے والی پیچیدگیوں اور بچوں کی صحت کے مسائل سے زیادہ بہتر انداز میں خدمات انجام دے سکیں گی، اس سلسلے میں امپریل کالج آف لندن سے وابستہ پاکستانی ماہر امراض نسواں (گائناکولجسٹ) ڈاکٹر نائلہ صدیقی ٹیلی ہیلتھ کے ذریعے تربیت فراہم کریں گی۔
The post پاکستانی اسٹارٹ اپ یمن میں ٹیلی میڈیسن کی خدمات فراہم کرے گا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2IDDSvf