کراچی: عماد وسیم کی قائدانہ صلاحیتوں پر ہی سوالیہ نشان ثبت ہوگیا، اگلے سیزن میں ناردرن اور کراچی کنگز دونوں کی کپتانی خطرے میں دکھائی دینے لگی، سابق وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف کے مطابق قومی ٹی20 کپ میں عماد کی آمد کے بعد دفاعی چیمپئن کیلیے حالات تبدیل ہوگئے، آئندہ برس ناردرن کی کپتانی شاداب اور کنگز کا کنٹرول بابراعظم کو مل سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹوئنٹی 20 کپ میں دفاعی چیمپئن ناردرن نے مہم کا شاندار انداز میں آغاز کیا، شاداب خان کی قیادت میں ٹیم نے ابتدائی فتوحات حاصل کیں تاہم ناٹنگھم شائر کی جانب سے کاؤنٹی ٹی 20 بلاسٹ کھیل کر واپس لوٹنے والے عماد وسیم کے کپتانی سنبھالنے سے ٹیم کی کارکردگی متاثر ہوئی، اسے سیمی فائنل میں سدرن پنجاب کے ہاتھوں شکست کی وجہ سے ایونٹ سے باہر ہونا پڑا۔ سابق کپتان راشد لطیف کو اسی وجہ سے ان کی اگلے سیزن کیلیے صرف ناردرن کی ہی نہیں بلکہ پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی قیادت بھی خطرے میں دکھائی دے رہی ہے۔ اپنے یوٹیوب چینل پر انھوں نے کہا کہ ناردرن کی کپتانی تبدیل ہونے کے بعد علی عمران کو ڈراپ کیا گیا جو نہیں ہونا چاہیے تھا۔
اسی طرح شاداب کا بیٹنگ آرڈر بدلا گیا، کوچ محمد وسیم نے معاملات کو کنٹرول کیا ہوا تھا مگر عماد کی آمد کے بعد سب تبدیل ہوگیا۔ راشد لطیف نے کہا کہ اگرچہ عماد بہت اچھے کرکٹر ہیں لیکن جہاں تک ناردرن اور کنگز کی کپتانی کا معاملہ ہے تو آئندہ برس اس میں مسئلہ ہوسکتا ہے، پی سی بی بھی چاہے گا کہ بابر اعظم ہی کراچی کنگز کی کپتانی کریں جبکہ شاداب ناردرن کے کپتان ہوں، عماد کا اب آخری موقع پی ایس ایل 5 میں کراچی کنگز کو ٹائٹل جتوانا ہوسکتا ہے۔ راشد نے واضح کیا کہ یہ صرف میرا خیال ہے،شاید اس دوران عماد کی بطور کپتان کارکردگی اچھی ہوجائے۔
The post عماد وسیم کی قائدانہ صلاحیتوں پر سوالیہ نشان ثبت appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2HgyqxM