قومی ٹی 20 کپ ، چمکتی دمکتی ٹرافی خیبرپختونخوا نے تھام لی - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

قومی ٹی 20 کپ ، چمکتی دمکتی ٹرافی خیبرپختونخوا نے تھام لی

 راولپنڈی /  کراچی:  قومی ٹی20کپ کی چمکتی دمکتی ٹرافی خیبر پختونخوا نے  تھام لی،فخرزمان اور شعیب ملک نے نصف سنچریاں بنا کر فتح کے شادیانے بجا دیے، فائنل میں سدرن پنجاب کو 10رنز سے شکست ہوگئی۔

207 رنزکا تعاقب کرنے والی ٹیم8 وکٹ پر 196تک محدود رہی،آخری اوور میں محمد عمران کے 3 چھکے کسی کام نہ آئے، حسین طلعت کے برق رفتار 63 رنز بھی رائیگاں رہے، شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض نے 3، 3 وکٹیں لیں، اس سے پہلے فاتح ٹیم نے 4 وکٹ پر 206 رنز بنائے، فخرزمان نے 67 رنزکی اننگز سے تیز آغاز فراہم کیا، شعیب ملک نے برق رفتار ناقابل شکست56 رنز سے مجموعے کو توانا کیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں فائنل میں 207 رنز کا ہدف پانے والی سدرن پنجاب کی 3 وکٹیں صرف 34 رنز کے دوران گرگئیں۔

تیسرے ہی اوور میں ٹیم کو کپتان شان مسعود کی جدائی برداشت کرنا پڑی، وہ7 رنز اتنی ہی گیندوں پر بناکر شاہین شاہ آفریدی کی وکٹ بن گئے، ان کا کیچ افتخار احمد نے تھاما، اگلی ہی گیند پر شاہین نے نئے آنے والے بیٹسمین صہیب مقصود کو کھاتہ تک کھولنے کی مہلت دیے بغیر ایل بی ڈبلیو کردیا، دوسرے اوپنر ذیشان اشرف کی 19 گیندوں پر 16 رنز کی محتاط اننگز کا خاتمہ وہاب ریاض کے ہاتھوں ہوا، کیچ متبادل فیلڈر صاحبزادہ فرحان نے تھاما۔ اس موقع پر حسین طلعت اور خوشدل شاہ نے ٹیم کو مشکل سے نکالنے کیلیے کچھ ہاتھ پاؤں مارتے ہوئے ٹوٹل کو 108 تک پہنچایا، عثمان شنواری نے خوشدل کو آصف آفریدی کی مدد سے قابو کرکے اس جوڑی کا خاتمہ کردیا، انھوں نے 24 بالز پر 34 رنز بنائے، جس میں 3 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔

حسین طلعت کی برق رفتار بیٹنگ کو وہاب ریاض نے بریک لگائے، شعیب ملک کا کیچ بننے سے قبل انھوں نے 33 بالز پر 63 رنز اسکور کیے، جس میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ اس کے ساتھ ہی سدرن کا منزل کی جانب سفر سست پڑگیا، سیف بدر 5 رنز بناکر آصف آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں اسٹمپڈ ہوگئے، عامر یامین بھی 13 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، وہاب ریاض کی گیند آصف آفریدی کے ہاتھوں میں اچھال کر وہ پویلین واپس لوٹ گئے، محمد الیاس کو شاہین نے اپنی تیسری وکٹ بنایا،کیچ فخر نے تھاما، انھوں نے 5 رنز بنائے۔

آخری اوور میں محمد عمران نے عثمان شنواری کو 3 چھکے جڑے مگر ٹیم 8 وکٹ پر 196 رنز بنا سکی، وہ خود 38 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جوانھوں نے 13 بالز پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے بنائے، شاہین اور وہاب نے 3، 3 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل کپتان محمد رضوان اور فخر زمان نے خیبر پختونخوا نے کو 76 رنز کا آغاز فراہم کیا،اس جوڑی کا خاتمہ رضوان کے رن آؤٹ ہونے سے ہوا، انھوں نے سست رفتاری سے 30 بالز پر صرف 25 رنز بنائے، دوسرے اینڈ پر موجود فخر نے اپنے انداز کی کرکٹ کھیلتے ہوئے 40 بالز پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے تھے کہ عامر یامین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اگلے اوور میں زاہد محمود نے نئے بیٹسمین افتخار کو ایک رن پر میدان بدر کردیا۔

کیچ خوشدل شاہ نے تھاما، اب وکٹ پر سینئربیٹسمین محمد حفیظ اور شعیب ملک اکٹھے ہوئے، انھوں نے ٹوٹل کو 177 تک پہنچایا ہی تھا کہ محمد عمران نے حفیظ کو الیاس کا کیچ بنوا دیا، انھوں نے 38 رنز بنائے، اننگز کے آغاز میں ان کا کیچ بھی ڈراپ ہوا تھا، شعیب ملک نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 22 بالز پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں سے مزین ناقابل شکست 56 رنز بنائے، ان کی برق رفتار اننگز سے تقویت پا کر خیبرپختونخوا نے 4 وکٹ پر 206 رنز اسکور کیے۔

The post قومی ٹی 20 کپ ، چمکتی دمکتی ٹرافی خیبرپختونخوا نے تھام لی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/3o3rIMC