لاہور: ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز سے مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ ساجد میر کی سربراہی میں وفدنے رائیونڈ میں ملاقات کی۔
ساجد میر نے مریم نواز کی نیب پیشی پر ناخوشگوار واقعہ کی مذمت کی جبکہ نواز شریف کی جلد صحتیابی کی دعا کی، اس موقع پر سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، مریم نواز نے انکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا، ساجد میر نے میڈیا ٹاک میں کہا کہ مریم نواز کی گاڑی دیکھی ہے، فرنٹ سکرین پر نشانات پتھر کے نہیں، ان کی گاڑی پر سنائپر کی دو گولیوں کے نشانات ہیں، مریم نواز پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ حملہ سیاسی تقسیم کیلئے کیاگیا، اسلحہ کا پتہ نہیں کس کاتھا، حملہ سنائپر کا ہی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ مریم نواز پر حکومت نے حملہ کرایاہے، غیر جانبدارانہ تحقیقات سے اصل کرداروں کو بے نقاب کرنا ضروری ہے، جمہوری جدوجہد میں ہمیشہ ساتھ رہیں گے، مریم کو تنہا نہ سمجھیں، ن لیگ کے ساتھ رہیں گے، مریم نواز نے بتایا کہ نوازشریف کی ایک دل کی شریان90 فیصد بند ہے، کورونا کی وجہ سے انکی سرجری نہیں ہو رہی۔
دریں اثنا ایک بیان میں ساجد میر نے کہا کہ اُمہ کی مشاورت کے بغیر متحدہ عرب امارات کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنا افسوسناک اور فلسطینیوں کی کمر میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہے۔ جب تک فلسطینیوں کو آزادی نہیں مل جاتی اور قبلہ اول فلسطینیوں کے قبضے میں مکمل طور پر نہیں آجاتا اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کسی اسلامی ملک کے پاس کوئی جواز نہیں۔
The post مریم کی گاڑی پر اسنائپر کی دو گولیوں کے نشان ہیں، ساجد میر appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2YaXZWO