انسداد پولیو مہم شروع، 83 لاکھ بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

انسداد پولیو مہم شروع، 83 لاکھ بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے

کراچی: کراچی سمیت سندھ بھر میں 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا جب کہ مہم کے دوران سندھ بھر میں 92 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بروز ہفتہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر آغاز کیا، تقریب میں وزیر صحت عذرا پیچوہو، پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، کمشنر کراچی افتخار شلوانی، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن، سیکریٹری صحت کاظم جتوئی، کوآرڈینیٹر ای او سی فیاض عباسی، ڈی ایچ او ضلع جنوبی و دیگر بھی شریک ہوئے، وزیراعلیٰ سندھ نے بچوں کو تحائف بھی دیے۔

مہم صوبے کے 29 اضلاع میں وزیراعلیٰ  کے افتتاح کے بعد شروع ہوگئی، انسداد پولیو مہم کے پہلے روز کراچی کے علاقے  کورنگی، اورنگی، ناظم آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر، لیاقت آباد سمیت مختلف علاقوں میں 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے گئے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو سندھ کے مطابق کراچی سمیت سندھ میں پولیو مہم کا آغاز ہوگیا،7روزہ انسداد پولیو مہم کے تحت کراچی میں 5 سال سے کم عمر 23 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ سندھ بھر میں 92 لاکھ 55 ہزار 925 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، 6 ماہ سے 5 سال تک کی عمر کے 83 لاکھ بچوں کی قوت مدافعت بڑھانے کے لئے وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔

مہم سندھ بھر کے 29 اضلاع میں چلائی جائے گی، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام ورکرز ایس او پیز پر عمل کو یقینی بنائیں گے، مہم سندھ بھر میں 21 اگست تک جاری رہے گی، پاکستان میں رپورٹ ہونے والے 64 کیسز میں سے 21 کا تعلق سندھ سے ہے۔

کورونا سے بچاؤ کے لیے مہم کے دوران پولیو ورکرز ماسک، ہینڈ سینی ٹائزرز، ٹشو پیپرز کے استعمال سمیت سماجی فاصلوں اور کسی بھی مقام پر زیادہ دیر نہ رکنے کی پابندی کا خیال رکھیں گے۔

وزیراعلیٰ نے عوام کو ہدایت کی کہ پولیو کی اس جاری مہم میں ہیلتھ ورکرز کے ساتھ تعاون کریں ،ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو آج عہد کرنا ہے کہ ہم اپنے بچوں کو معذوری سے بچائیں گے، تمام والدین پر لازم ہے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر اپنا فرض ادا کریں۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس ملک کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے پولیو کے خلاف جنگ میں ہر پاکستانی کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا، وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور بچوں کو اس مرض سے بچانے کے لیے پولیو کے قطرے پلانا لازمی ہے، لہذا والدین پولیو ٹیمز کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ اور صحت مند بنائیں۔

 

The post انسداد پولیو مہم شروع، 83 لاکھ بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3h1WJwx