مصباح 3 کوچز کی معاونت سے محروم رہیں گے - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

مصباح 3 کوچز کی معاونت سے محروم رہیں گے

 لاہور:  دورۂ انگلینڈ کی تیاری کیلیے مصباح الحق کو 3کوچز کی معاونت حاصل نہیں ہوگی،وقار یونس، گرانٹ بریڈبرن اور کلف ڈیکن کی پاکستان آمد یقینی نظر آنے لگی، ممکنہ کرکٹرز کا اعلان1،2 روز میں کردیا جائے گا، ٹریننگ کا آغاز 7جون کو لاہور میں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق دورۂ انگلینڈ کی تیاری کیلیے قومی کرکٹرز کے تربیتی کیمپ میں 3کوچز کی خدمات میسر ہونے کا امکان نہیں،معاونین کے بغیر بیشتر ذمہ داریاں ہیڈکوچ مصباح الحق کو سنبھالنا ہوں گی، بولنگ کوچ وقار یونس پی ایس ایل ملتوی ہونے کے بعد آسٹریلیا پہنچ گئے تھے، انھوں نے وہاں قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد فیملی کو جوائن کیا اور ابھی تک وہیں موجود ہیں، فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن نیوزی لینڈ اورفزیو کلف ڈیکن جنوبی افریقہ چلے گئے تھے، موجودہ حالات میں تینوں کی پاکستان واپسی غیر یقینی نظر آرہی ہے۔

بیٹنگ کوچ کا تقرر کرنے کے بجائے مصباح الحق نے اس ذمہ داری کا بوجھ بھی خود ہی اٹھا رکھا ہے۔ دورۂ انگلینڈ کیلیے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان 1،2 روز میں متوقع ہے، پاکستان ٹیم کو ٹور کے دوران 3ٹیسٹ اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں، اس کیلیے مجموعی طور پر 25سے27تک کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا،تیاریوں کا آغاز 7جون سے لاہور میں ہوگا۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور قذافی اسٹیڈیم کو کورونا فری رکھنے کیلیے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی، ابتدا میں کھلاڑی انفرادی اور چھوٹے گروپس کی شکل میں ٹریننگ کریں گے، 3ہفتوں میں بھرپور سیشن کا آغاز کردیا جائے گا، قومی اسکواڈ کی روانگی جولائی کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔

The post مصباح 3 کوچز کی معاونت سے محروم رہیں گے appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2ZKjcs0