کراچی: کورونا وائرس کا امدادی سامان لے جانے والے 2 بھارتی کارگو طیاروں کو پاکستان ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے تیکنیکی معاونت فراہم کی جب کہ بھارتی ریلیف پروازوں کا ایرانی ائرٹریفک سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔
ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کا طبی سامان کے ہمراہ کراچی ریجن کی فضائی حدود سے گذرنے والے 2 بھارتی طیاروں کو پاکستانی ائرٹریفک کنٹرولرز نے تیکنیکی معاونت فراہم کی،بھارتی کپتانوں اور پاکستانی ائر ٹریفک کنٹرولرز میں رابطہ رسمی جملوں اور خیرسگالی کے الفاظ سے ہوا۔
ایک بھارتی طیارہ ممبئی سے فرینکفرٹ جبکہ دوسرے طیارے نے نیو دہلی سے آڑان بھری تھی،فرینکفرٹ کے لیے دونوں ریلیف پروازیں امدادی سامان کی ترسیل پر مامور تھیں، سی اے اے کے ائر ٹریفک کنٹرولر نے خیرسگالی کے طور بھارتی طیاروں کو ڈائریکٹ روٹس فراہم کیا۔
عام حالات میں کسی طیارے کو براہ راست شارٹ روٹ فراہم نہیں کئے جاتے اور ائر ویز اور نیوی گیشن رولز کو لازمی فالو کرنا پڑتا ہے،آپ بہت اچھا کام کررہے ہیں، پاکستانی ائیر ٹریفک کنٹرولر کا انڈین پائلٹ کو پیغام،آپ کا بہت بہت شکریہ، انڈین پائلٹ کا پاکستانی ائر ٹریفک کنٹرولر کو جواب۔
پاکستانی فضائی حدود میں محو پرواز دو نوں بھارتی بوئنگ 777 اور 787 ساختہ طیاروں کا ایرانی ائر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ نہیں ہو پا رہا تھا، سول ایوی ایشن کے اے ٹی سی نے ایرانی ائر ٹریفک کنٹرولرسے لینڈ لائن کے ذریعے رابطہ کیا اور بھارتی طیاروں سے متعلق آگاہ کیا کہ ان کے پائلٹ سے رابطہ کر لیں جس پر ایرانی اے ٹی سی نے بھارتی پائلٹ سے رابطہ کرکے انہیں ایک ہزار کلو میٹر کا براہ راست روٹس فراہم کیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں بھارتی پائلٹ نے پاکستانی ائر ٹریفک کنٹرولر کی جانب سے مکمل تعاون اور رہنمائی فراہم کر نے اور رویے کو سراہتے ہو ئے شکریہ بھی ادا کیا۔
The post پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی امدادی سامان لے جانیوالے بھارتی طیاروں کی رہنمائی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/34dnng4