دھاگے اور باریک کیلوں سے تصاویر بنانے والا انوکھا فنکار - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

دھاگے اور باریک کیلوں سے تصاویر بنانے والا انوکھا فنکار

لندن: ان سے ملیے، یہ بین کوراشوک ہیں جو لندن میں رہتے ہیں اور خود کو ’’اسٹرنگ آرٹسٹ‘‘ یعنی دھاگے سے تصویریں بنانے والا مصور کہتے ہیں۔ یہ ہنر انہوں نے کہیں سے نہیں سیکھا لیکن پھر بھی اس کام میں ان کی مہارت حیرت انگیز ہے۔

اب تک وہ کئی مشہور شخصیات، مناظر اور جانوروں تک کی تصویروں کو دھاگے اور باریک کیلوں کی مدد سے کینوس پر اتار چکے ہیں جن میں سے ہر ایک فن پارے پر انتہائی باریک بینی سے کام کیا گیا ہے۔

انہوں نے اپنی ایک ویب سائٹ ’’اسٹرنگومیٹری‘‘ بھی بنائی ہوئی ہے جہاں وہ اپنی مصوری کے شاہکار 900 پاؤنڈ سے 4000 پاؤنڈ تک میں فروخت کرتے ہیں۔ دھاگے اور باریک کیلوں سے بنی کسی بھی تصویر کی قیمت کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ اسے بنانے میں کتنا وقت اور سامان استعمال ہوا ہے۔

مثلاً ہالی ووڈ اداکار ڈوین جانسن المعروف ’’دی راک‘‘ کی پورٹریٹ کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ اسے بنانے میں 6000 باریک کیلیں اور 1200 میٹر دھاگہ استعمال ہوا، جبکہ 250 گھنٹے میں مکمل ہوئی۔

اس کے برعکس، اسی طرز پر ہاتھی کی تصویر بنانے میں انہیں صرف 80 گھنٹے لگے۔

ان کا کہنا ہے کہ دھاگے اور باریک کیلوں سے تصویر بنانا اپنے آپ میں ایک چیلنج ہے کیونکہ وہ اپنے ہر فن پارے میں باریک ترین جزئیات کے علاوہ آنکھوں کی چمک اور چہرے کے تاثرات تک پر پوری توجہ دیتے ہیں، جس میں خاصا وقت لگتا ہے۔

The post دھاگے اور باریک کیلوں سے تصاویر بنانے والا انوکھا فنکار appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب https://ift.tt/2UFaR60