اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قوم کی جان خطرے میں ہے اور عمران مافیا کروڑوں روپے رشوت لے کر حفاظتی ماسک اسمگل کررہی ہے۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران مافیا کا کروڑوں روپے رشوت لے کر حفاظتی ماسک اسمگل کرنے کی تحقیقات کرائی جائے، عمران صاحب صحت کے وزیر ہیں، جواب دیں، تاریخ کی پہلی حکومت ہے جو عوام کی جان سے کھیل رہی ہے اورعوام کا آٹا، چینی، گیس اور بجلی چوری کر رہی ہے۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا قوم کی جان خطرے میں ہے اور عمران مافیا کروڑوں روپے رشوت لے کر حفاظتی ماسک اسمگل کررہی ہے، آٹا چینی چوری اور اسمگلنگ کے بعد حفاظتی ماسک بھی عمران مافیا کی ہوس زر کی نذر ہوگئے، یہ ہے عوام دشمن عمران مافیا اورگرفتاریاں سیاسی مخالفین اور میڈیا کی؟ پوری قوم کی زندگی کو چھ کروڑ میں بیچ دیاگیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے کی ڈاکٹرظفرمرزا کیخلاف فیس ماسک بیرون ملک اسمگلنگ کی تحقیقات
مریم اورنگزیب نے کہا، 2 کروڑ حفاظتی ماسک بیرون ملک اسمگل کرنے سے ملک میں قلت پیدا ہوئی، عمران چورمافیا ماسک پر بھی پیسہ کمارہا ہے، کورونا سے قوم کو کیا بچائے گا۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ کو صرف سیاسی مخالفین اور میڈیا کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، عمران مافیا دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹ رہا ہے۔
واضح رہے کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا کے خلاف 2 کروڑ فیس ماسک بیرون ملک اسمگل کرانے کے الزام میں انکوائری شروع کردی ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ڈاکٹر ظفر مرزا نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے ڈپٹی ڈائریکٹرغضنفرعلی کی ملی بھگت سے فیس ماسک اسمگل کرائے۔
The post قوم خطرے میں ہے اورعمران مافیا ماسک اسمگل کررہی ہے، ترجمان (ن) لیگ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/33gira1