کراچی: ادارہ ترقیات کراچی کو کروڑوں کے ریونیو سے محروم کرنے کے منصوبے کا انکشاف ہوا ہے، کلفٹن کے وی آئی پی بلاک4 میں واقع کے ڈی اے کے4,4 سو گز کے دو قیمتی کمرشل پلاٹس مبینہ جعل سازی سے ٹھکانے لگانے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پلاٹ نمبر بی سی1 اور پلاٹ نمبر بی سی تھری کے ڈی اے کے4,4 سو گز کے قیمتی کمرشل پلاٹ ہیں جو کہ غیر الاٹ شدہ ہیں،اس سلسلے میں 31 جولائی 2019 کو مذکورہ پلاٹوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ سابق ایگزیکٹیو انجینئر کلفٹن نے ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے کو پیش کی تھی جس میں مذکورہ پلاٹس جن کے حوالے سے آگاہ کیا گیا تھا کہ مذکورہ پلاٹس غیر الاٹ شدہ ہیں جس کا کوئی ریکارڈ ادارہ ترقیات کراچی کے پاس موجود نہیں ہے اور اس کی تصدیق بھی کرالی گئی ہے ، مزید آگاہ کرتے ہوئے انکشاف کیا گیا تھا کہ مذکورہ قیمتی کمرشل پلاٹوںکو بعض عناصر مبینہ جعل سازی سے ٹھکانے لگانے کیلیے متحرک ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ڈی جی کے ڈی اے سے سفارش کی گئی تھی کہ مذکورہ دونوں پلاٹوںکو کے ڈی اے کی نیلامی لسٹ میں شامل کر کے ان کا اوپن آکشن کرایا جائے تاکہ ادارے کو کروڑوں روپے کا ریونیو حاصل ہوسکے۔
ایگزیکٹیو انجینئر کلفٹن کی مذکورہ پیش کی گئی رپورٹ پر سابق ڈی جی نے اپنے ریمارکس میں دونوں پلاٹوں کو محفوظ بنانے کی ہدایت کی تھی تاکہ لینڈ مافیا اور کرپٹ افسران کا قیمتی سرکاری اراضی ٹھکانے لگانے کا منصوبہ خاک میں مل سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ پلاٹوں کو نیلامی کی لسٹ میں شامل کرنے کی کوشش پر سابق ڈی جی کے ڈی اے کو اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا تھا اور اس کے ساتھ ساتھ ایکسئن کلفٹن کا بھی تبادلہ کردیا گیا تھا۔
ایگزیکٹیو انجینئر کلفٹن نے مذکورہ پلاٹوں کے حوالے سے ڈی جی کے ڈی اے کو جمع کرائی گئی تفصیلی رپورٹ کی کاپیاں ڈائریکٹر نیب راولپنڈی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب روالپنڈی کو بھی ارسال کردی تھیں جس کے باعث مذکورہ پلاٹس ٹھکانے لگانے کا منصوبہ التواکا شکار ہوگیا تھا تاہم سات ماہ گزرنے کے بعد ماحول سازگار ہوتا دیکھ کر ایک بار پھر مبینہ جعل سازی سے پلاٹوں کو ٹھکانے لگانے کی تیاریاں کرلی گئی، مذکورہ دونوں پلاٹوں میں سے ایک پلاٹ بی سی 3 پر اچانک تعمیراتی کام شروع کردیا گیا۔
The post کے ڈی اے؛ کروڑوں کے پلاٹ مبینہ جعلسازی سے ہتھیانے کی تیاری appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2U8Ralu
