لاہور: لیگ اسپنر عمران طاہر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بہترین سیکیورٹی نے غیر ملکی کرکٹرز کے خدشات کلین بولڈ کردیے، سب انتظامات پر مطمئن اور اپنے قیام سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ https://ift.tt/2QIuKoB کے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عمران طاہر نے کہا کہ میں چند برس قبل ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان آیا تھا،دوسری بار آمد میرے اور فیملی کیلیے خوشی کی بات ہے،لاہور میں سکونت پذیر خاندان کو مجھے نظروں کے سامنے ایکشن میں دیکھنے کے زیادہ مواقع نہیں ملتے،اب وہ میچ دیکھنے کے علاوہ ہوٹل میں ملاقات کیلیے بھی آرہے ہیں۔
پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز میں شامل جنوبی افریقی کرکٹر نے کہا کہ میں نے پاکستان میں خود کو کبھی غیر محفوظ محسوس نہیں کیا، پاکستانی ہونے کے ناطے میرے جذبات بھی مختلف ہیں لیکن غیر ملکی کھلاڑیوں کے خدشات بھی ختم ہوگئے،وہ سیکیورٹی کو اعلیٰ درجے کی قرار دے رہے ہیں، سب انتظامات سے مطمئن اور اپنے ٹور سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہورہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اپنے برانڈ کی قدر و قیمت زیادہ ہوتی ہے،پوری پی ایس ایل کا یواے ای سے منتقل ہونا ملک کیلیے ایک بہت بڑا قدم ہے،اعلیٰ معیار کی وجہ سے تمام کرکٹرز پی ایس ایل کو مشکل ترین لیگز میں سے ایک قرار دیتے ہیں۔ یہاں کھلاڑیوں کو صلاحیتیں منوانے کا چیلنج درپیش ہوتا ہے، اچھی بات یہ ہے کہ پورے ملک میں کرکٹ کا بخار نظر آنے لگا،اسٹیڈیم کو کچھا کھچ بھردینے والے ملتان کے شائقین کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں،ہوم کراؤڈ کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے ملتان سلطانز کی کارکردگی بھی شاندار رہی،ٹیم کے یونٹ بن کر کھیلنے کے مثبت نتائج بھی سامنے آرہے ہیں۔
ایک سوال پر عمران طاہر نے کہا کہ شان مسعود ایک نوآموز کپتان ہیں، انسان وقت کے ساتھ تجربات سے سیکھتا ہے،شان مسعود اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں، بیٹنگ میں عمدہ پرفارمنس ظاہر کرتی ہے کہ وہ بطور کپتان کسی دباؤکا شکار نہیں ہیں۔
The post بہترین سیکیورٹی نے کرکٹرز کے خدشات کلین بولڈ کردیے، عمران طاہر appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2QcBcG2