کراچی: محکمہ صحت نے گزشتہ 2 روز میں لیب ٹیسٹ کیلیے 12 کورونا وائرس کے نمونے بھیجے تھے، ان میں سے 11 کو منفی قرار دیا گیا ہے جبکہ ایک نمونے کے نتیجے کا انتظار ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کو کورونا وائرس کے مشتبہ افراد کے 8 نمونے لیب ٹیسٹ کیلیے بھیجے گئے تھے اور ان 8 نمونوں کا نتیجہ منفی آیا ہے۔ پیر کو لیبارٹری ٹیسٹ کیلیے مزید 4 نمونے بھیجے گئے، ان میں سے 3کو منفی قرار دیا گیا ہے جبکہ چوتھے کے نتائج کا ابھی تک انتظار ہے۔ اس بات کا انکشاف پیر کو یہاں وزیراعلی ہاؤس میں کورونا وائرس سے متعلق ٹاسک فورس کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں چیف سکریٹری ممتاز شاہ، وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، مشیر قانون بیرسٹر مرتضی وہاب ، کمشنر کراچی افتخار شاہلوانی، سیکریٹری داخلہ عثمان چاچڑ، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن، سیکرٹری خزانہ حسن نقوی، سیکریٹری صحت زاہد عباسی، ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ، رینجرز کے کرنل شبیر خان، 5 کور کے لیفٹیننٹ کرنل کاشف بختار، فوکل پرسن کوروناوائرس پروگرام ایم بی دھاریجو ، ڈبلیو ایچ او کی ڈاکٹر سارہ سلمان، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے عبدالرؤف، سی اے اے کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر خرم، ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل اور دیگر شامل تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ اتوار کے روز لیب ٹیسٹ کیلیے بھیجے گئے8 مشتبہ افراد کے نتائج منفی قرار دیے گئے ہیں۔ پیر کو چار تازہ نمونے بھیجے گئے، ان میں سے تین کو منفی قرار دیا گیا ہے جبکہ ایک نتیجہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آئے گا۔ یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ 2301 زائرین ایران سے واپس آئے ہیں جن میں 681 کراچی اور 1620تفتان بلوچستان کے راستے آئے ہیں۔
The post لیب ٹیسٹ میں کوروناکے 12 نمونوں میں سے 11 منفی قرار appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3aipUHG