لاہور: نئے پی سی بی سے پرانے آفیشلز کی رخصتی کا سلسلہ جاری ہے جب کہ اس فہرست میں چیف فنانشل آفیسر بدر منظور خان کا نام بھی شامل ہوگیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلی کا سفر مسلسل جاری ہے،اگست 2018میں سابق چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے استعفیٰ دیے جانے کے فوری بعد ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی پنجاب حکومت میں واپس ڈیوٹی پر آگئے تھے،ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ سیلز ہونے کے ساتھ پی ایس ایل کے معاملات میں بھی طاقتور ترین شخصیت نائلہ بھٹی نے بھی نوشتہ دیوار پڑھتے ہوئے اکتوبر 2018میں عہدہ چھوڑ دیا۔
گذشتہ سال جنوری میں ڈائریکٹر سیکیورٹی اینڈ اینٹی کرپشن کرنل(ر)اعظم نے استعفٰی دیا، اپریل میں سینئر جنرل منیجر مارکیٹنگ صہیب شیخ اور جنرل منیجر کامل خان چلتے بنے، اگست میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور معاون اسٹاف کو رخصتی کا پروانہ تھما دیا گیا، نومبر میں چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور دسمبر میں سینئر جنرل منیجر اکیڈمیز علی ضیاکو استعفٰی دینا پڑا، ڈائریکٹر کرکٹ اکیڈمیز مدثر نذر کی جانب سے کنٹریکٹ میں توسیع نہ لینے کا اعلان بھی سامنے آچکا ہے۔
اس کے علاوہ کئی کوچز اور دیگر عہدیدار بھی فارغ ہونے والوں میں شامل ہیں، نئے سال میں پہلی وکٹ چیف فنانشل آفیسر بدر منظور خان کی صورت میں گری ہے، 8سال اس عہدے پر کام کرنے والے آفیشل رواں ماہ کے اختتام پر عہدہ چھوڑ دیں گے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں بدر منظور خان نے کہاکہ جولائی 2011میں بورڈ سے منسلک ہوا، یہاں 5 مختلف چیئرمینز کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ اچھا رہا، اب آگے بڑھنے کا وقت آگیا ہے،اپنی وابستگی کے دوران پی سی بی کی مالی طور پر نشوونما میں کردار ادا کرنے پر فخر ہے، تمام رفقاء کار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ادارے کیلیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔
چیئرمین احسان مانی نے کہاکہ بدر منظور خان پی سی بی کی اعلیٰ مینجمنٹ کا اہم حصہ رہے،ان کی خدمات پر مشکور ہیں، آسامی کیلیے بھرتی کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
The post ’’نئے‘‘ پی سی بی سے پرانے آفیشلز کی رخصتی جاری appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/3a6J585