بھینسوں کے باڑے میں کام کرنیوالے گوالوں کی رجسٹریشن شروع - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

بھینسوں کے باڑے میں کام کرنیوالے گوالوں کی رجسٹریشن شروع

کراچی:  پولیس نے ضلع ملیر میں قائم بھینسوں کے باڑے میں کام کرنے والے گوالوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا اس حوالے سے ضلع ملیر کے 15 انٹیلیجنس افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔

ڈیری اینڈ فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر گجر نے بتایا کہ انھوں نے ضلع ملیر کے علاقے میں قائم بھینسوں کے باڑوں میں کام کرنے والے گوالوں کی رجسٹریشن سے متعلق ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کو ایک خط ارسال کیا تھا جس میں ان سے درخواست کی گئی تھی کہ سکھن سمیت ملحقہ علاقوں میں اسٹریٹ کرائمز اور دیگر جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے بھینس کالونی میں قائم باڑوں میں کام کرنے والے گوالوں کی رجسٹریشن کی جائے کیونکہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ بھینس کالونی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کا تعاقب کیا جاتا ہے تو وہ ان ڈیر فارمز میں جا کر گم ہو جاتے ہیں جس سے اس بات کا تعین کیا گیا کہ بھینس کالونی میں گوالوں کے روپ میں جرائم پیشہ عناصر ان ڈیری فارمز میں روپوش ہو جاتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ڈی آئی جی ایسٹ کے حکم پر ضلع ملیر میں قائم بھینسوں کے باڑوں کی کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن کی جائیگی جس کے لیے ضلع ملیر کے 15 انٹلیجنس افسران کی ٹیم قائم کر دی گئی ہے جبکہ مالکان سے باڑوں کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کرنے سے متعلق فارم بھرایا جائیگا۔

شاکر گجر نے بتایا کہ تاریخ میں پہلی بار ضلع ملیر کے باڑوں میں کام کرنے والے سوا لاکھ سے زائد گوالوں کو رجسٹرڈ کیا جا رہا ہے جس میں ان کے تمام کوائف درج کرنے کے ساتھ ساتھ فنگر پرنٹس بھی حاصل کیے جا رہے ہیں جبکہ بھینس کالونی ، رند گوٹھ ، کچی آبادی اور مسلم کالونی میں 5 ہزار سے زائد بھینسوں کے باڑے ہیں جبکہ باڑے کا مالک نیا ملازم رکھنے کی صورت میں اس کے تمام کوائف فارم بھرنے کے بعد سکھن تھانے میں جمع کرانے کا پابند ہوگا، شاکر گجر نے کہا کہ اس عمل سے سکھن سمیت ملحقہ علاقوں میں جرائم کی وارداتوں پر بڑی حد تک قابو پایا جا سکے گا۔

The post بھینسوں کے باڑے میں کام کرنیوالے گوالوں کی رجسٹریشن شروع appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/30220ww