کراچی: رواں سال گھر لوٹنے کی سب سے بڑی واردات میں ڈاکو رٹائرکرنل اور ان کے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر3کروڑ روپے سے زائد لوٹ کر فرار ہوگئے، جن میں نقدی،طلائی زیورات ،غیرملکی کرنسی شامل ہے تاہم ڈاکوؤں کا سراغ نہ لگ سکا۔
تفصیلات کے مطابق صدر تھانے کی حدود اسکول روڈ کینٹ کے قریب رہائش پذیر رٹائرڈ کرنل محمد رمضان ملک کے بنگلے میں نصف درجن سے زائد ڈاکوؤں نے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر گھر کا صفایا کیااورباآسانی فرار ہوگئے،رٹائرکرنل محمد رمضان ملک کی مدعیت میں صدر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
بنگلے میں ڈکیتی کی واردات19جنوری اتوارکی صبح سوا 5 بجے ہوئی جس میں مدعی مقدمہ نے بیان دیا ہے کہ وہ اپنے کمرے میں آرام کررہے تھے کہ اس دوران سوا 5بجے کے قریب 5 مسلح ڈاکومیرے بیٹے محمد علی کے ہمراہ کمرے میں آئے،مجھے اٹھایا تو میں نے دیکھا کہ ڈکیت اسلحہ تانے کر کھڑے تھے، بیٹے کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔ بعدازاں انھوں نے مجھے قابو کیا اور برابر والے کمرے میں لے آئے جہاں پر پہلے سے اہلیہ ، داماد ، محلے کا سیکیورٹی گارڈ، میرے ملازم اور میرے بیٹے کے دوست جنید اور رضا موجود تھے اور سب کے ہاتھ بندھے ہوئے اور آنکھوں پر کپڑے بندھے ہوئے تھے اس دوران 3 ڈکیت نیچے موجود تھے ایک ڈکیت اسلحہ تان کر ہم پر کھڑا رہا دیگر ڈاکوؤں نے بنگلے کی تلاشی لی اور صبح 6 بجے بنگلے سے چلے گئے ان کے جانے کے بعد چیک کیا تو میرے کمرے کی الماری سے 12 لاکھ روپے، اہلیہ کے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے طلائی زیورات،ایک کروڑ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی جس میں درہم ، ریال اور ڈالر جبکہ بیٹے محمد علی کے کمرے سے 5 لاکھ روپے اور غیر ملکی کرنسی ڈکیت لے گئے تھے۔
ریٹائرڈ کرنل محمد رمضان نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ بیٹے محمد علی نے بتایا کہ وہ اپنے دوستوں جنید اور رضا کے ہمراہ بنگلے کے باہر کھڑا تھا کہ اچانک 5 مسلح ڈکیت آئے مجھے اور میرے دوستوں کو کمرے میں لا کر بٹھا دیا 8 صورت شناس ڈاکوؤں نے بنگلے کو لوٹ لیا ،پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
ڈی ایس پی صدر کنور آصف نے بتایا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی جائے وقوع کا جائزہ لیا۔ ڈاکوؤں نے دستانے پہنے ہوئے تھے جس کی وجہ سے فنگر پرنٹس حاصل نہیں کیے جا سکے،فنگر پرنٹس ایکسپرٹ اور کرائم سین یونٹ نے بنگلے کا جائزہ لیاہے۔
مدعی مقدمہ کا بیٹا محمد علی اتوار کی صبح ساڑھے 4بجے گاڑی میں ڈرائیور کے ہمراہ آیا تھا،ڈرائیور کی موٹر سائیکل بھی گھر کے باہر کھڑی تھی بعدازاں محمد علی بنگلے کے باہر ڈرائیور سے بات چیت کر رہا تھا کہ اس دوران ان کا پڑوسی انھیں دیکھ کر باہر آگیا اور وہ آپس میں بات چیت کر رہے تھے کہ واردات کی نیت سے گھومنے والے ڈاکو گلی میں آگئے اور موقع پاکر انھیں یرغمال بنا کر بنگلے میں گھس گئے۔
The post ریٹائرڈ کرنل کے گھر ڈکیتی؛ ڈاکو 3 کروڑ کے زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2RnaM5p