لاہور: خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کوتشویشناک حالت کے بعد بھی حکومت نے تاحال لندن روانگی کی اجازت نہیں دی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق نوازشریف کا نام تاحال ای سی ایل میں موجود ہے، ان کی تشویشناک حالت کے پیش نظرابھی تک حکومت کی جانب سے اجازت نہیں دی گئی، نوازشریف کے پلیٹلٹس خطرناک حد تک کم ہونے کے باعث وہ اب تک گھر میں قائم انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ نواز شریف کے پلیٹلٹس بڑھانے کے لئے گذشتہ روزاسٹیرائیڈز کی خوراک دی گئی تھی۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف فیملی نے غیرملکی ایئرلائن سے لندن کے لئے ٹکٹیں بک کرا رکھی ہیں، نوازشریف کے ہمراہ شہبازشریف اورڈاکٹرعدنان بھی لندن جائیں گے، نوازشریف کی لندن روانگی کی سمری وزارت قانون کو موصول ہو گئی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کے روزہوگا اوراسی اجلاس میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو بارباراسٹیرائیڈزنہیں دیئے جا سکتے، ان کے علاج کے لئے ایک ایک لمحہ قیمتی ہے، کسی بھی حادثہ کی صورت میں نواز شریف کو بیرون ملک منتقل کرنا ناممکن ہو جائے گا جب کہ ڈاکٹروں کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ نواز شریف کی زندگی کے ساتھ خطرات بڑھتے جا رہے ہیں۔
The post نوازشریف کوحکومت نے تاحال لندن روانگی کی اجازت نہیں دی، خاندانی ذرائع appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/371KH1E