اسلام آباد: ہائیکورٹ کی جانب سے وفاقی وزیرغلام سرورخان کوبھی توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی ڈیل سے متعلق بیان دینے پرغلام سرورخان کے خلاف درخواست پراسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران وکیل نے کہا کہ غلام سرورخان کی جانب سے کہا گیا کہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ میں ردوبدل کیا گیا، کہا گیا کہ نوازشریف کی رہائی ڈیل کے ذریعے ہوئی ہے، نواز شریف کی اپیل عدالت کے سامنے زیرالتواء ہے جس پرچیف جسٹس اطہر من اللہ کے ریمارکس دیئے کہ وفاقی وزیریہ کیسے کہہ سکتا ہے۔
عدالت نے فردوس عاشق اعوان کو روسٹرم پربلا لیا اوراستفسار کیا کہ ڈیل کے حوالے سے جو بھی ہے حکومت اس کا جواب دے گی، حکومت نے بورڈ تشکیل دیا تھا ایسے بیانات بہت خطرناک ہیں، اگر وفاقی کابینہ کے ارکان ایسی غیر زمہ دارانہ بیانات دیں گے تواس کے کیا اثرات ہوں گے، وفاقی کابینہ کے ارکان ایسی بات نہیں کرسکتے، وفاقی وزراء یہ کہیں گے تو پورے سسٹم پرعدم اعتماد ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ ہماری پالیسی نہیں وزیراعظم کے نوٹس میں لاؤں گی، غلام سرورخان نے ایک سیاسی شخصیت پررائے دی میڈیکل بورڈ کے متعلق کچھ نہیں کہا، جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ غلام سرور خان کے خلاف ایکشن نہ لیا گیا تواس کا مطلب یہی ہو گا کہ حکومتی موقف ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ غلام سرور خان کی یہ ذاتی رائے ہو سکتی ہے جودرخواست گزار وکیل کہہ رہے ہیں، غلام سرور خان کے طرف سے کچھ نہیں کہنا چاہتی۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ حکومت اپنے بنائے ہوئے میڈیکل بورڈ پر ہی عدم اعتماد کررہی ہے، ایک وفاقی وزیر یہ کیسے کہہ سکتا ہے کہ جھوٹی میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی۔ جب عدالت میں زیر سماعت کیسزپربات کریں گے تو اس کا اثر تمام سائلین کے کیسز پر آئے گا۔ عدالت نے وفاقی وزیرغلام سرورخان کو بھی توہین عدالت کا شوکا زنوٹس جاری کردیا۔
عدالت نے فردوس عاشق اعوان کے خلاف توہین عدالت کیس کوغلام سرورخان کیس کے ساتھ منسلک کیا جس پرفردوس عاشق اعوان کی جانب سے استدعا کی گئی کہ میرا کیس الگ رکھیں، غلام سرورخان کے ساتھ اکٹھا نہ کریں۔ غلام سرور خان کا بیان ان کا انفرادی فعل ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اس کو آئندہ سماعت پر ایک ساتھ سنیں گے۔
The post وفاقی وزیرغلام سرورخان کوبھی توہین عدالت کا شوکازنوٹس جاری appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/33Dx5aO