کولڈ ڈرنک پینے کےلیے پاستا سے بنی ماحول دوست نلکیاں - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

کولڈ ڈرنک پینے کےلیے پاستا سے بنی ماحول دوست نلکیاں

روم: سافٹ ڈرنک اور دوسرے سرد مشروبات پینے کےلیے پلاسٹک اور کاغذ کی نلکیوں (اسٹرا) کا رواج عام ہے لیکن آج کل اٹلی کے ہوٹلوں میں ان کی جگہ پاستا سے بنی نلکیاں تیزی سے مقبول ہورہی ہیں کیونکہ وہ بہت ماحول دوست ہیں۔

پلاسٹک کا کچرا اس وقت ساری دنیا کےلیے دردِ سر بنا ہوا ہے جس سے چھٹکارا پانے کےلیے بیشتر حکومتوں اور کئی نجی اداروں نے بھی پلاسٹک کی تھیلیوں اور دوسری مصنوعات پر مکمل پابندی لگا دی ہے۔

اٹلی میں بھی کچھ ایسا ہی ہوا ہے لیکن وہاں پر ہوٹلوں میں پاستا سے بنی نلکیاں بڑے پیمانے پر متعارف کروا دی گئی ہیں جو استعمال ہوجانے کے چند دن بعد ہی خودبخود گل کر ختم ہوجاتی ہیں جبکہ ان سے ماحول کو بھی کوئی خطرہ نہیں ہوتا۔

اس وقت بھی اٹلی میں درجنوں چھوٹے بڑے ریستوران اور ہوٹل ان نلکیوں کو پانی سے لے کر فروٹ جوس اور سافٹ ڈرنکس تک پینے کےلیے پیش کررہے ہیں۔ اگر آپ ایسے ہی کسی ہوٹل میں ہیں تو مشروب پینے کے بعد پاستا سے بنی نلکی کھا بھی سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاستا کی تیاری میں گندم کا آٹا استعمال کیا جاتا ہے جسے گوندھ کر مختلف شکلوں کے پاستا بنائے جاتے ہیں جو سیکڑوں مختلف ناموں سے دستیاب ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں، پاستا کو اٹلی کی ’عوامی غذا‘ کا درجہ بھی حاصل ہے۔

اٹلی کی تقلید میں اب مختلف یورپی ممالک میں بھی پاستا سے بنی نلکیاں رواج پا رہی ہیں۔ برطانیہ میں ’’اسٹروڈل‘‘ نامی ایک کمپنی نے ’’پاستا اسٹراز‘‘ فروخت کرنا شروع کردی ہیں۔

صارفین بھی انہیں پسند کررہے ہیں اور خوب خرید رہے ہیں۔

The post کولڈ ڈرنک پینے کےلیے پاستا سے بنی ماحول دوست نلکیاں appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب https://ift.tt/2BJ8LYF