کرکٹرز کی ہڑتال؛ بنگلہ دیش میں کرپشن کا پردہ چاک ہونے لگا - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

کرکٹرز کی ہڑتال؛ بنگلہ دیش میں کرپشن کا پردہ چاک ہونے لگا

ڈھاکا:  کرکٹرز کی ہڑتال سے بنگلہ دیشی کرکٹ میں کرپشن کا پردہ چاک ہونے لگا شکیب الحسن نے کہاکہ میچ شروع ہونے سے قبل ہی نتیجے کا علم ہوتا ہے۔

بی سی بی کے سابق چیف صابر حسین نے کہاکہ گورننگ باڈی میں ہی کرپشن کی جڑیں کافی گہری ہیں، دوسری جانب بورڈ نے ہڑتال کو سازش قرار دیتے ہوئے ماسٹر مائنڈ کی تلاش شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹرز نے گذشتہ دنوں11 مطالبات پیش کرتے ہوئے منظوری تک ہڑتال کا اعلان کیا تھا،اس سے نہ صرف جاری فرسٹ کلاس ایونٹ بلکہ دورئہ بھارت بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اس معاملے سے ملکی کرکٹ میں موجود کرپشن کا بھی پردہ چاک ہونا شروع ہوگیا۔

بورڈ کے سابق صدر صابر حسین نے ٹویٹ کیا کہ میچ فکسنگ اور کرپشن کو فروغ دینے والی بی سی بی دنیا کی واحد نیشنل اسپورٹس باڈی ہے، میں خود اپنے وقت میں کئی مرتبہ یہ معاملہ اٹھا چکا ہوں۔ واضح رہے کہ پریس کانفرنس میں سینئر کھلاڑی شکیب الحسن نے خاص طور پر ڈومیسٹک کرکٹ میں کرپشن کا اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اکثر ہمیں مقابلے سے قبل ہی علم ہوتا ہے کہ کون سی ٹیم میچ جیتے گی۔

دوسری جانب پلیئرز کی ہڑتال سے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ میں گذشتہ روز کافی ہلچل رہی، ڈھاکا میں موجود بورڈ ڈائریکٹرز ہیڈ کوارٹر پہنچے۔ میڈیا ترجمان جلال یونس نے کہاکہ آفیشل طور پر کوئی بورڈ میٹنگ نہیں ہوئی۔

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت میں بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے کرکٹرز کی ہڑتال کو کھیل کیخلاف سازش قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ انھوں نے ماسٹر مائنڈ کی تلاش کا حکم دیدیا ہے، نظم الحسن نے کہاکہ میں تصور بھی نہیں کرسکتا کہ ہمارے کھلاڑی ایسا بھی کرسکتے ہیں، اگر وہ کھیلیں گے نہیں تو انھیں کیا حاصل ہوگا، اگر کوئی بات کرنا چاہتا ہے تو ہمارے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔

The post کرکٹرز کی ہڑتال؛ بنگلہ دیش میں کرپشن کا پردہ چاک ہونے لگا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2N3SzGD