لاہور: پاکستانی ترکش کے نئے تیر کینگروز کو چھلنی کرنے کیلیے بے تاب ہیں بولنگ کوچ وقار یونس نوآموز پیسرز کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کامیابی کے گر سکھانے لگے۔
سابق کپتان کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ چھوٹے، بیٹ بھاری، بیٹسمین زیادہ ہوشیار اور فٹ ہوگئے، سلو بال اور یارکرز کا موثر استعمال ضروری ہے، موسیٰ خان کا کہنا ہے کہ اسٹیون اسمتھ یا ڈیوڈ وارنر کا خوف نہیں، مجھ پر تیز رفتار بولنگ کا جنون سوار ہے،باؤنسر اسپیشلسٹ نسیم شاہ اسپیڈ اور سوئنگ کی بدولت میزبان ٹیم کو پریشان کرنے کیلیے پُر عزم ہیں۔
اسپنر عثمان قادرکاکہنا ہے کہ آسٹریلوی کنڈیشنز اور پچز کا اندازہ ہے، میرے اہم ہتھیار لیگ اسپن، گگلی اور فلپرز بیٹسمینوں کیلیے مشکلات پیدا کرینگے۔ ایک اور نئے کھلاڑی خوشدل شاہ نیچرل کھیل کے ذریعے انٹرنیشنل کرکٹ کا کامیاب آغاز کرنے کے خواہاں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے مشکل ترین ثابت ہونے والے دورئہ آسٹریلیا کیلیے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں37سالہ محمد عرفان کو کم بیک کا موقع دیا، اسی طرح19سالہ محمد موسٰی خان بھی صلاحیتوں کا اظہار کریں گے، اسپنرز میں عثمان قادر جیسا نیا چہرہ شامل ہوا ہے، ٹیسٹ میں محمد موسٰی کے ساتھ16سال کے نسیم شاہ بھی موجود ہونگے۔
بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ جدید ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں گراؤنڈ چھوٹے، بیٹ بھاری، بیٹسمین زیادہ ہوشیار اور فٹ نظر آتے ہیں، فاسٹ بولرز کیلیے رنز کا سیلاب روکنا آسان نہیں رہا،میں خوش قسمت ہوں کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ نہیں کھیلی، انھوں نے کہا کہ فیصل آباد میں قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران ٹیموں کی سلیکشن کیلیے ہماری نگاہیں ایسے بولرز پر مرکوز رہیں جو صورتحال کے مطابق اپنے ذہن کو استعمال کرتے ہوئے گیندوں میں ورائٹی لا سکیں، فاسٹ بولرز کیلیے خاص طور پر ٹوئنٹی میچز میں سلو بال اور یارکرز کا موثر استعمال کرنا ضروری ہے، رفتار میں تبدیلی اور درست لینتھ بھی حریفوں کیلیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔
بولر جتنا اسمارٹ ہو اتنا ہی کامیاب رہے گا۔ دوسری جانب ٹیم میں منتخب ہونے والے نوجوان بولرز نے بھی دورئہ آسٹریلیا میں عمدہ کارکردگی کا عزم ظاہر کیا ہے۔ موسیٰ خان نے کہاکہ میں قومی ٹیم میں منتخب ہونے کے بعد بہت پُرجوش ہوں، آسٹریلیا جیسی بڑی ٹیم میں موجود اسٹیون اسمتھ یا ڈیوڈ وارنر کا خوف نہیں بلکہ اپنی تیز رفتار بولنگ کا جنون سوار ہے۔
انھوں نے کہا کہ وقار یونس اور شعیب اختر میرے آئیڈیل ہیں، ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے حریفوں پر دھاک بٹھائینگے۔ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے والے نسیم شاہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنے باؤنسرز سے بیٹسمینوں کو پریشان کرتے رہے ہیں، صرف5 فرسٹ کلاس میچز میں 17 وکٹیں حاصل کرنے والے پیسر نے کہاکہ قومی اسکواڈ میں شمولیت خواب کی تعبیر ہے، بولنگ کوچ وقار یونس نے ہمیشہ اپنی قوت کے مطابق بولنگ کی ہدایت دی،دورئہ آسٹریلیا میں بھی اسی نسخے پر عمل کروں گا، انھوں نے کہا کہ وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر کی ویڈیوز دیکھ کر حوصلہ ملتا ہے۔
رفتار کے ساتھ سوئنگ پر عبور کی بدولت آسٹریلیا کی پچز پر میزبان ٹیم کو ٹف ٹائم دینے کیلیے پُر عزم ہوں، جارحانہ حکمت عملی سے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ لیجنڈری کرکٹر عبدالقادر کے صاحبزادے 26 سالہ اسپنر عثمان قادر نے کہاکہ قومی ٹیم میں شمولیت اعزاز کی بات ہے، بگ بیش لیگ میں پرتھ اسکورچرز کی نمائندگی کرنے والے بولر نے کہا کہ مجھے آسٹریلوی کنڈیشنز اور پچز کا اندازہ ہے، سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، انھوں نے کہا کہ گگلی میرے والد کی ایجاد ہے اور میں اس فن کو آگے لے کر جاؤں گا، والد سے جوکچھ سیکھا اب اس کو کارآمد بنانے کا وقت آگیا ہے۔
میرے اہم ہتھیار لیگ اسپن، گگلی اور فلپرز آسٹریلوی بیٹسمینوں کیلیے مشکلات کا باعث بنیں گے۔ ایک اور نئے کھلاڑی خوشدل شاہ نے کہا کہ قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شمولیت فخر کا باعث ہے، انٹرنیشنل کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھوں گا، جارحانہ بیٹنگ میرا نیچرل کھیل ہے، اسی کا مظاہرہ آسٹریلوی میدانوں میں کروں گا، انھوں نے کہا کہ میں ڈومیسٹک کرکٹ میں محمد رضوان، افتخار احمد اور فخر زمان کے ساتھ ایک ہی ٹیم میں کھیلتا ہوں، سینئرز کی بھرپور رہنمائی کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی بہترین کارکردگی کا عزم لیے سڈنی روانہ ہوں گا۔
The post ترکش کے نئے تیر کینگروز کو چھلنی کرنے کیلیے بے تاب appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2pFJprZ