حیدرآباد: بورڈنگ اسکول میں غیر معیاری کھانا کھانے سے40سے زائد بچوں کی حالت خراب ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق بورڈنگ اسکول میں غیر معیاری کھانا کھانے سے40سے زائد بچوں کی حالت خراب ہو گئی۔ بچوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، متاثرین کی عمریں 3 سے7 سال ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سول اسپتال اور بورڈنگ اسکول پہنچ گئیں، فوڈ اتھارٹی افسران کو بچوں کو فراہم کردہ غذا کے نمونوں ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کر دی جبکہ آئی جی سندھ کے حکم پر ایس ایس پی نے بورڈنگ اسکول سیل کر دیا۔ اسکول محکمہ تعلیم کے مقرر کردہ ایڈمنسٹریٹر چلا رہے ہیں۔
ہالاناکا کے قریب قومی شاہراہ پر واقع بورڈنگ اسکول میں زیر تعلیم بچوں کو ناشتے کے بعد اچانک الٹیاں شروع ہوگئیں، حالت خراب ہونے پر متاثرہ بچوں کو سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا، متاثرین کی عمریں 3 سے 7 سال کے درمیان ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق اسپتال لائے گئے بچوں کی تعداد 44 تھی جن کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ بچوں کی طبیعت غیر معیاری غذا کھانے سے خراب ہوئی۔ اسکول انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بچوں نے جمعرات کی صبح ناشتے میں انڈہ، ڈبل روٹی، سیب کھایا اور دودھ پیا جس کے بعد انھیں الٹیاں شروع ہو گئیں، اساتذہ اور والدین بھی سول اسپتال پہنچ گئے۔
متاثرین میں طلحہ، طہ، اسماعیل ، حسنین، عبداﷲ، مسعود، عبداﷲ، حامد، انس، عبدالرحمن، حفیظ، رفیع اﷲ، علی حسن، قربان، جنید، احمد رضا، عزیز الرحمن و دیگر شامل ہیں۔
اطلاع پر ڈپٹی کمشنر عائشہ ابڑو نے سول اسپتال پہنچ گئیں اور متاثرہ بچوں کی عیادت کی، انھوں نے ایم ایس اسپتال کو ہدایت کی کہ بچوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، ایم ایس ڈاکٹر مبین میمن نے ڈی سی کو بتایا کہ بچوں کی حالت اب بہتر ہے، ناقص غذا کی وجہ سے بچوں کی طبیعت خراب ہوئی۔
The post حیدر آباد؛ ناقص کھانا کھانے سے40 بچے بے ہوش، بورڈنگ اسکول سیل appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/345ensp