لاہور: نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے تحت تشکیل پانے والی ٹیموں کے لوگوز سے کرکٹ کا عنصر ہی غائب ہے جب کہ صرف بلوچستان کے لوگو میں بیٹ نظر آرہے ہیں۔
نئے ڈومیسٹک سیزن کا آغاز ہفتے کو ہورہا ہے، پی سی بی نے بدھ کو قائد اعظم ٹرافی کے لوگو کی رونمائی کردی تھی، اس میں سبز پس منظر کے ساتھ سفید رنگ سے اردو میں قائد اعظم ٹرافی کے الفاظ کی خطاطی ہے، انگلش میں بھی یہی الفاظ ہیں،اطراف میں سنہرے رنگ کا دائرہ موجود ہے۔
گزشتہ روز ایسوسی ایشنز کے لوگوز بھی منظر عام پر لائے گئے۔ سینٹرل پنجاب کے لوگو میں نیلے، پیلے اور سفید رنگوں کا امتزاج اور درمیان میں نیلے اور پیلے رنگ کا ایک ستارہ بھی موجود ہے،سدرن پنجاب کا لوگو ہلکے میرون، پیلے اور گرے رنگ کی آمیزش سے تیار کیا گیا، درمیان میں بولڈ سفید الفاظ میں پنجاب لکھا ہے۔
خیبر پختونخوا کے لوگو میں گہرے گرے رنگ کے ساتھ سفید الفاظ ہیں،باب خیبر کو بھی اس کا حصہ بنایا گیا ہے، ناردرن ایریاز کے لوگو میں سرخ،گرے اور سفید رنگ شامل ہیں،درمیان میں فیصل مسجد اور سرخ ستارہ نمایاں کیا گیا،ان سب میں کرکٹ کی علامات، بیٹ، بال،اسٹمپس اور بیلز وغیرہ کسی کو بھی شامل نہیں کیا گیا، صرف بلوچستان کے لوگو میں2کراس بیٹ نظر آرہے ہیں،پاکستانی پرچم کے سبز اور سفید رنگ کے ساتھ زرد اور سرخ رنگ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
The post نیا ڈومیسٹک اسٹرکچر؛ ٹیموں کے لوگوز سے کرکٹ کا عنصر ہی غائب appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2O0zFCw