نئے انداز کے ڈومیسٹک نظام کی آزمائش کا وقت آگیا - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

نئے انداز کے ڈومیسٹک نظام کی آزمائش کا وقت آگیا

کراچی /  لاہور:  نئے اندازکے ڈومیسٹک نظام کی آزمائش کا وقت آگیا، قائداعظم ٹرافی کیلیے جنگ کا ہفتے کو آغاز ہوگا۔

ڈومیسٹک کرکٹ کے نئے اسٹرکچر میں ڈپارٹمنٹس اور ریجنز کو ختم کرتے ہوئے 6 صوبائی ٹیمیں متعارف کرا دی گئی ہیں، پی سی بی کا دعویٰ ہے کہ اب مقدار کم اور معیار زیادہ ہوگا، اسی سسٹم کے تحت فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کا ہفتے سے آغاز ہوگا، پہلے راؤنڈ کے میچز 3 مختلف وینیوز پر کھیلے جائیں گے۔

سینٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مقابل آئیں گی، سندھ کی ٹیم بلوچستان کے خلاف یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں میدان میں اترے گی، ایبٹ آبادکرکٹ اسٹیڈیم میں خیبرپختونخوا اور ناردرن کا میچ شیڈول ہے، قومی کرکٹ ٹیم کے 6 اور پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی بھی ان میچز کے دوران ایکشن میں نظر آئیں گے۔

کرکٹرز ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ وہ ایسوسی ایشنز کے ہیڈ کوچز ارشد خان (بلوچستان)، اعظم خان (سندھ)، عبدالرحمان (سدرن پنجاب)، اعجاز احمد جونیئر(سینٹرل پنجاب)، محمد وسیم (ناردرن) اور کبیر خان (خیبرپختونخوا) کی معاونت سے انٹرنیشنل مقابلوں کیلیے ٹیلنٹ پول تیار کریں گے، قائداعظم ٹرافی کا پہلا حصہ4 راؤنڈزپر مشتمل ہوگا۔ اس کے بعد قومی ٹی ٹوئنٹی کپ 13 سے 24 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی پی ایس ایل ڈرافٹ میں اپنا نام شامل کرانے کے ساتھ نومبر میں آسٹریلیا سے سیریز کیلیے بھی سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرسکتے ہیں، بعدازاں ایک بار پھر قائداعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ کے میچز 28 اکتوبر سے شروع ہوں گے۔

بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی آسٹریلیا کیخلاف21 نومبر سے شروع ہونے والی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 2 ٹیسٹ میچز میں شرکت کا موقع پا سکتے ہیں۔یاد رہے کہ قائداعظم ٹرافی کے فرسٹ اور سیکنڈ الیون کے میچز کا آغاز بیک وقت ہوگا۔

گزشتہ روز پریس کانفرنس میں سندھ کے کپتان سرفراز احمد نے کہاکہ ملک بھر سے بہترین کرکٹرز کی ایونٹ میں شرکت سے مقابلے کی فضا بڑھے گی، کوکا بورا گیند کے استعمال سے بولرز کو فائدہ ہوگا۔

The post نئے انداز کے ڈومیسٹک نظام کی آزمائش کا وقت آگیا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2Nf5FmM