دن کے اوقات میں کچھ دیر نیند لینے یعنی ’’قیلولہ‘‘ کرنے کے فوائد اور نقصانات پر برسوں سے بحث جاری ہے۔ کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ قیلولہ ہماری صحت کےلیے مفید ہے جبکہ بعض طبّی ماہرین اسے نقصان دہ قرار دیتے ہیں۔
اسی حوالے سے لیوزین یونیورسٹی ہاسپٹل، سوئٹزرلینڈ میں 35 سے 75 سال کے افراد پر 5 سال تک کیے گئے ایک مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ وہ لوگ جو ہفتے میں ایک سے دو مرتبہ قیلولہ کرتے ہیں ان میں دل کے دورے، فالج اور دل کی خرابی کے خطرات 48 فیصد تک کم ہوجاتے ہیں۔
یہ تحقیق، جس کی تفصیلات میڈیکل ریسرچ جرنل ’’بی ایم جے ہارٹ‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہوئی ہیں، لیوزین یونیورسٹی ہاسپٹل کے ڈاکٹر نیڈائن ہازلر کی نگرانی میں کی گئی جبکہ اس میں امراضِ قلب سے متعلق ایک وسیع البنیاد مطالعے ’’کولاس‘‘ (CoLaus) کے اعداد و شمار استعمال کیے گئے تھے، جو 5 سال تک جاری رہا تھا۔
ان تمام اعداد و شمار میں سے صحت اور انفرادی معمولات سے متعلق دیگر عوامل کے اثرات نفی کرنے کے بعد معلوم ہوا کہ جو لوگ ہفتے میں ایک سے دو مرتبہ قیلولہ کیا کرتے تھے، وہ قیلولہ نہ کرنے والوں کے مقابلے میں امراضِ قلب سے 48 فیصد زیادہ محفوظ رہے۔
اگر کسی رضاکار نے ہفتے میں دو مرتبہ سے زیادہ بھی قیلولہ کیا تو اس کے دل کی صحت کو پہنچنے والا فائدہ ویسا ہی رہا جتنا ہفتے میں ایک سے دو مرتبہ قیلولہ کرنے والوں میں دیکھا گیا، چاہے وہ صرف چند منٹ تک ہی کیوں نہ کیا گیا ہو۔
اگرچہ یہ ایک محتاط تحقیق ہے لیکن کئی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق صرف مشاہدے کو بیان کرتی ہے، لیکن یہ ثابت نہیں کرتی کہ دل کے امراض کا خطرہ کم ہونے کی وجہ قیلولہ کرنے کو قرار دیا جاسکتا ہے۔
The post دل کی صحت مندی کےلیے ہفتے میں ایک سے دو مرتبہ قیلولہ مفید ہے، تحقیق appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » صحت https://ift.tt/2Q8J4e8