کراچی: سی پی ایل سی نے اگست کے دوران شہر میں ہونے والی جرائم کی وارداتوں کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔
گزشتہ ماہ کے 31 روز میں مجموعی طور پر 169 گاڑیاں ، 2700 موٹر سائیکلیں اور 4500 موبائل فونز چوری و چھین لیے گئے ، سی پی ایل سی کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ اگست کے دوران شہر قائد میں قتل و غارت کے واقعات میں 36 افراد کو قتل کیا گیا۔
شہر کے مختلف علاقوں سے اسلحہ بردار ملزمان نے شہریوں کوکروڑوں روپے مالیت کی169گاڑیوں سے محروم کردیا جس میں 23 گاڑیاں نہ صرف چھین لی گئیں بلکہ 146 گاڑیاں چوری بھی کرلی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق چھینی اور چوری کی جانے والی مجموعی گاڑیوں میں سے صرف 58 گاڑیاں برآمد کی جاسکیں۔
سی پی ایل سی کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ اگست کے 31 روز میں شہر کے مختلف علاقوں سے ملزمان مجموعی طور پر 2 ہزار 700 موٹرسائیکلیں چوری و چھین کر لے گئے جس میں 189 موٹرسائیکلیں اسلحے کے زور پر چھینی گئیں جبکہ 5 ہزار 515 موٹرسائیکلیں چوری کرلی گئیں۔
اسی طرح سے گزشتہ ماہ اگست میں مجموعی طور پر 4 ہزار 500 موبائل فونز چوری و چھین لیے گئے جس میں ایک ہزار 853 موبائل فونز چھینے جبکہ 2 ہزار 647 موبائل فونز چوری کیے گئے جس میں سے 372 موبائل فونز برآمد کرلیے گئے۔
سی پی ایل سی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ بھتہ سے متعلق ایک شکایت سامنے آئی جبکہ اغوا برائے تاوان اور بینک ڈکیتی کی کوئی واردات رپورٹ نہیں ہوئی۔
The post ماہ اگست میں شہریوں سے 169 گاڑیاں، 2704 موٹر سائیکلیں اور 4500 موبائل چھینے گئے appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2Ae9uA9