واشنگٹن: امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ مغرور بھارت کو خطے کے امن اور استحکام کی پروا نہیں۔
امریکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں اسد مجید خان نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کو متنازع علاقہ تسلیم کرتی ہے، سلامتی کونسل کی قرارداد میں کشمیر میں رائے شماری کا کہا گیا، بھارت نےسلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے، پاکستان کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے، مقبوضہ کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن ہے، ایک کروڑ 20لاکھ کشمیریوں کا دنیا سے رابطہ کاٹ دیا، عوام کی اشیائے ضروریہ تک رسائی نہیں، سیکڑوں رہنما گرفتار کرلیے گئے۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیرمیں بحران پیدا کررہا ہے، بھارت نے یک طرفہ اقدامات سےمقبوضہ کشمیر میں کشیدگی بڑھائی، بھارت کشمیر پر اپنے ناجائز قبضے اور بھیانک جرائم سے توجہ ہٹانے میں ناکام رہا، بھارت اس بار سرحد پار دہشت گردی کے جھوٹے الزامات سے جان نہیں چھڑاسکے گا، وہ کشمیر میں جبر کی بھیانک حقیقت سے بھی توجہ نہیں ہٹاسکے گا۔ کئی عالمی کنونشن بھارت کو آبادی کا تناسب نہ بدلنے کا پابند کرتے ہیں، بھارت میں برسر اقتدار جماعت بی جے پی مسلمانوں، عیسائیوں اور دلتوں کی حیثیت ختم کرنا چاہتی ہے۔
اسد مجید خان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام 72 سال سے حق خودارادیت کے منتظر ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی پیش کش کو کشمیریوں نے سراہا، بھارت نے کشمیر پر آرٹیکل 370 منسوخ کرکے امریکی پیشکش ٹھکرادی، جس سے واضح ہوگیا کہ بھارت عالمی ذمہ داریوں پر زبانی جمع خرچ کو بھی تیار نہیں، امریکا مداخلت کرے اور صدرٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کوعملی جامہ پہنائے۔ پاکستان امریکی مداخلت کا خیرمقدم کرے گا۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ غرور میں مبتلا بھارت کو خطے میں امن وسلامتی کی پروانہیں، بھارت نے 6 ماہ میں جنوبی ایشیا کو دوسری مرتبہ تنازع سے دوچار کیا، بھارتی اقدامات سے خطہ سنگین تنازع کے دہانے پر آگیا ہے، وزیراعظم عمران خان بھارت کو خبردار کرچکے کہ دونوں ملک ہتھیاروں سے لیس ہیں، وہ دنیا کو بھی تنازع کے تباہ کن اثرات سے آگاہ کرچکے، ماضی میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اتحادیوں کی سفارتی کوششوں سے کم ہوگئی تھی، چین نے بھی بھارتی اقدامات پر کڑی تنقید کی اور وہ اس سلسلے میں اپنا اثر و رسوخ بھی استعمال کرے گا، چین نے پاکستان کو مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔
The post مغرور بھارت کو خطے کے امن اور استحکام کی پروا نہیں، پاکستان appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2H1JkEw