جعلی اکاؤنٹس کیس میں ایک اور ریفرنس دائر، فہمیدہ مرزا کا بیٹا بھی ملزمان میں شامل - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

جعلی اکاؤنٹس کیس میں ایک اور ریفرنس دائر، فہمیدہ مرزا کا بیٹا بھی ملزمان میں شامل

 اسلام آباد / پشاور:  قومی احتساب بیورو نے جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق غیر قانونی پلاٹ کی الاٹمنٹ کا ایک اور ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا۔

نیب کی جانب سے نئے ریفرنس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول کے سابق ڈی جی منظور قادر، حسنین مرزا اور اومنی گروپ کے عبدالغنی مجید سمیت 16 افراد کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

نیب راولپنڈی کی جانب سے زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ پر احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے بھاری رشوت لے کر نہر خیام کے علاقے میں پلاٹ بنایا اور پھر اس کی غیرقانونی الاٹمنٹ کی، مبینہ طور پر پلاٹ کی غیر قانونی الاٹمنٹ کیلیے ایک ارب روپے وصول کیے گئے۔

ملزمان نے رقوم کی ادائیگی کیلیے جعلی بینک اکائونٹس کا استعمال کیا جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا، ریفرنس میں ملزموں کا ٹرائل کر کے سزا دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق حسنین مرزا سابق اسپیکر قومی اسمبلی و وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا اور جی ڈی اے کے رہنما ذوالفقار مرزا کے صاحبزادے ہیں، نیب خیبر پختونخوا نے ڈنگی کنٹرول ادویات اور دیگر اشیا کی خریداری میں کروڑوں روپے غبن کی تحقیقات مکمل کرکے محکمہ صحت کے سابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ایوب روز اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر عبد الناصر جمال سمیت 6 ملزمان کیخلاف 6 کروڑ 97لاکھ 40ہزار روپے مالیت کا ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کردیا۔

احتساب عدالت نے تمام ملزمان کو یکم اگست کو طلب کر لیا، نیب کے مطابق ریفرنس کے دیگر ملزموں میں ڈاکٹر افسر انور پروگرام منیجر ، عادل شاہ پروکیورمنٹ آفیسر ، صلاح الدین ایٹا مولوجسٹ اور الپتاگین انٹر پرائزز کے مالک شاہد ریاض شامل ہیں۔

The post جعلی اکاؤنٹس کیس میں ایک اور ریفرنس دائر، فہمیدہ مرزا کا بیٹا بھی ملزمان میں شامل appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2SIWds4