دکاندار گاہکوں کے منتظر رہے، پینٹ شرٹس کی خریداری میں 50 فیصد کمی - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

دکاندار گاہکوں کے منتظر رہے، پینٹ شرٹس کی خریداری میں 50 فیصد کمی

رواں برس مہنگائی کے سبب رمضان المبارک کے آخری عشرے میں کراچی میں مردانہ پینٹ شرٹس کی خریداری ماضی کی نسبت انتہائی کم رہی جب کہ بیشتر دکاندار گاہکوں کے منتظر رہے۔

مارکیٹوں میں رواں سیزن میں چائنہ اور دیگر برانڈ کی جینز ، ڈریس پینٹ ، ٹی شرٹ اور شرٹس کی مختلف اقسام کی ورائیٹیاں مارکیٹوں میں متعارف ہونے کے باوجود خریداروں کا رش دیکھنے میں نہیں آیا تاہم نوجوانوں نے بھی ماضی کے مقابلے میں محدود پیمانے پر ان ملبوسات کی خریداری کی۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ 25 رمضان سے چاند رات تک پینٹ شرٹس کی خریداری میں گذشتہ سال کی نسبت 50 فیصد کم خریداری دیکھنے میں آئی ہے ۔

ایکسپریس نے عید کے لیے مردانہ پینٹ شرٹس کی خریداری کے حوالے سے سروے کیا، سروے کے دوران یہ دیکھنے میں آیا کہ مردانہ پینٹ شرٹس کی خریداری کے لیے صدر ، زیب النسامارکیٹ ، کریم سینٹر ، کلفٹن ، طارق روڈ ، کریم آباد ، حیدری اور دیگر علاقوں میں واقع مارکیٹوں بازاروں اور اسٹورز میں رش دیکھنے میں نہیں آیا۔

نوجوانوں کی محدود تعداد نے افطار کے بعد سے رات گئے تک مختلف مارکیٹوں میں اپنی پسند کے پینٹ شرٹس خریدنے میں مصروف دکھائی دیے، مارکیٹوں میں مختلف کوالٹی کی پینٹ شرٹس اور ٹی شرٹس کم تعداد میں فروخت کی گئیں۔

سروے کے دوران طارق روڈ پر پینٹ شرٹس فروخت کرنے والے دکاندار محمد جنید رفیق نے بتایا کہ اس مرتبہ عید سیزن میں پاکستانی اورچائنہ برانڈ کی پینٹس اور شرٹس کی محدود پیمانے پر فروخت میں ہوئی ہیں، یہ پینٹ شرٹس مناسب قیمتوں پر دکانوں پر دستیاب ہیں اور نوجوانوں کیاکثریت ڈیزائن والی جینز کی پینٹس کی خریداری کو ترجیح دے رہی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ مارکیٹ اس وقت چائنہ ، لاہور میڈ اور کراچی میڈ کے علاوہ تھائی اور امریکی میڈ امپورٹیڈ جینز دستیاب ہیں، انھوں نے بتایا کہ پاکستانی اورچائنا جینز کی مختلف اقسام کی فروخت بہتر رہی ہے، ان جینز میں اینگلو ، ایرو کراس اور ڈائنا مک برانڈ جینز دستیاب ہیں تاہم نوجوانوں نے ڈائنا مک جینز کی خریداری کوترجیح دی ہے، اچھی کوالٹی کی ڈریس پینٹ اور شرٹس کی تیاری اور سلائی پر 1500 سے 2500 روپے تک اخراجات آتے ہیں۔

کمپیوٹرائز ڈیزائن کی کھلی ٹی شرٹس پسند کی گئیں

کراچی کی مارکیٹوں میں عید خریداری کے لیے نوجوانوں کی بڑی تعداد مختلف کمپیوٹرائز ڈیزائن کی کھلی ٹی شرٹس خریدنا پسند کرتی ہے اسی وجہ سے شہر کی اہم مارکیٹوں میں 150 سے زائد اقسام اور 30 سے زائد کلرز کی ٹی شرٹس فروخت ہو رہی ہیں، ان ٹی شرٹس میں گول ، وی ، کالر اور  شرٹ نما ٹی شرٹس فروخت ہو رہی ہیں، ان ٹی شرٹس کی قیمت کم از کم 400 روپے سے لے کر 2 ہزار روپے تک فروخت ہوتی ہیں۔

دکانداروں نے بتایا کہ ٹی شرٹس چائنا کے علاوہ کراچی میڈ اور لاہور میڈ ہیں جبکہ امپورٹڈ ٹی شرٹس بھی فروخت ہوتی ہیں، سروے میں دکانداروں نے بتایا کہ مارکیٹوں میں مختلف اقسام کی فٹنگ اور لوز شرٹس کی فروخت ہوئی ہیں اور نوجوانوں میںشرٹس کو آؤٹ رکھنے کا رجحان بڑھ گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ سوتی ، واشنگ ویئر اور کاٹن شرٹس مارکیٹ میں دستیاب ہیں تاہم نوجوانوں کی بڑی تعداد کلر فل اور ڈیزائن والی جبکہ مرد حضرات سادی شرٹس خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ یہ شرٹس کم از کم 600 روپے سے لے کر 2000 روپے تک دستیاب ہیں۔

گاہک 500 روپے سے لے کر 1500 روپے تک کی پینٹ خریدتے ہیں

کراچی کی مختلف مارکیٹوں میں جینز اور ڈریس پینٹ الگ الگ قیمتوں میں دستیاب ہیں، سروے کے مطابق چائنا جینز کی مختلف اقسام کی پینٹیں کم از کم 500 روپے سے لے کر 2000 ، کراچی میڈ 600 سے لے کر 1500 اور لاہور میڈ 500 روپے سے لے کر 1500 روپے تک دستیاب ہیں جبکہ ڈریس پینٹس کے مختلف ورائٹیاں 700 روپے سے لے کر 2200 تک فروخت کی جا رہی ہیں۔

مختلف مارکیٹوں کے باہر اسٹالوں پر بھی مردانہ پینٹس اور شرٹس رعائتی قیمتوں پر دستیاب رہیں، دکانداروں کا کہنا ہے کہ بیشتر گاہک 500 روپے سے لے کر 1500 روپے تک پینٹس خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں،انھوں نے بتایا کہ امپورٹڈ جینز کم از کم 2 ہزار سے لے کر 4 ہزار روپے تک دستیاب ہے، امپورٹڈ جینز زیادہ تر طبقہ اشرافیہ خریدتا ہے اور یہ جینز کلفٹن اور ڈیفنس کے شاپنگ سینٹرز میں زیادہ فروخت ہوتی ہیں۔

مرد اور ادھیڑ عمر کے افراد ڈریس پینٹ کی خریداری کو ترجیح دیتے ہیں

عید الفطر پر مرد اور ادھیڑ عمر کے افراد جینز کے علاوہ ڈریس پینٹ کی خریداری کو بھی ترجیح دیتے ہیں، مقامی دکاندار کے مطابق زیادہ تر افراد ریڈی میٹ ڈریس پینٹ خریدتے ہیں، انھوں نے بتایا کہ شہر کی مارکیٹوں میں واشنگ ویئر ، کوٹرائے ،کاٹن اور رینکل فری ڈریس پینٹ دستیاب ہیں تاہم رواں سیزن میں ٹراپیکل ڈریس پینٹ کی محدود پیمانے پر خریداری میں ہوئی ہے، اس کے 20 سے زائد کلر ہیں، اس پینٹ میں جو کپڑا استعمال ہوتا ہے ، اس میں 80 فیصد کاٹن اور 20 فیصد پولسٹر شامل ہوتا ہے۔

زیادہ تر نوجوان ہلکے رنگ اور ادھیڑ عمر کے افراد گہرے رنگ کی ڈریس پینٹ خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں، یہ پینٹس زیادہ تر سائٹ ، اورنگی ٹاؤن ، گودھرا کیمپ نیو کراچی ، کورنگی ، لانڈھی ، کریم سینٹر ، طارق روڈ اور دیگر علاقوں میں تیار کی جاتی ہیں ، جہاں عید کے سیزن سے قبل ہی ان کی تیاری اور سلائی کا کام مکمل کر لیا جاتا ہے۔

کارگو ٹراؤزر اور 6 یا 9 پاکٹ ٹراؤزر بھی بکے

نوجوانوں کی بڑی تعداد خصوصاً طبقہ اشرافیہ عید کی خریداری کے دوران کارگو ٹراؤزر اور 6 یا 9 پاکٹ ٹراؤزر خریدنے کو ترجیح دیتا ہے، یہ ٹراؤزر تھائی لینڈ سے درآمد کیے جاتے ہیں، یہ کارگو ٹراؤزر موٹے سوتی کپڑے کے بنے ہوتے ہیں، ان کے ساتھ لوز گول گلے والی ٹی شرٹس بھی خریدی جاتی ہیں، یہ ٹراؤزر پینٹ نما یا ہاف ہوتے ہیں، زیادہ ترٹراؤزر 600 روپے سے 2 ہزار روپے تک دستیاب ہوتے ہیں۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ طبقہ اشرافیہ کی خواتین اور لڑکیاں عید کے موقع پر ریڈی میٹ جینز کی خریداری کو بھی ترجیح دیتی ہیں، یہ جینز فٹنگ اور ملٹی کلرز میں دستیاب ہوتی ہے، یہ جینز 1000 روپے سے لے کر 2500 روپے تک ملتی ہے۔

The post دکاندار گاہکوں کے منتظر رہے، پینٹ شرٹس کی خریداری میں 50 فیصد کمی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » بزنس http://bit.ly/2IjYTHA