متوفی رکشا ڈرائیور کے گھر کا بجلی بل سوا 4 لاکھ روپے بھیج دیا گیا - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

متوفی رکشا ڈرائیور کے گھر کا بجلی بل سوا 4 لاکھ روپے بھیج دیا گیا

کراچی: کے الیکٹرک کی ایک اور بے حسی سامنے آگئی اور ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں کے الیکٹرک کی مبینہ مجرمانہ غفلت کی وجہ سے کرنٹ لگ کر جاں بحق ہونے والے رکشا ڈرائیور کے گھر کا بل سوا چار لاکھ روپے سے زائد کا بھیج دیا۔

ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں شٹر پر ہاتھ لگانے سے کرنٹ لگ کر 30 سالہ امیر حسین عرف فواد جاں بحق ہوگیا تھا،علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی ہائی ٹینشن لائن کا تار ٹوٹ کر گر گیا تھا جس کی وجہ سے شٹر میں کرنٹ آرہا تھا جبکہ متعلقہ عملے کو اس حوالے سے شکایت بھی درج کرائی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی اور بالآخر اس کا خمیازہ 4 بچوں کے باپ اور رکشا ڈرائیور امیر حسین نے زندگی کی بازی ہار کر برداشت کیا۔

مکینوں کا کہنا تھا کہ ہلاکت کے بعد کے الیکٹرک کا عملہ ایسا متحرک ہوا کے فوری طور پر تار کو جوڑ کر رفو چکر ہوگئے ،مکینوں کا کہنا تھا کہ ابھی متوفی کے اہلخانہ اپنے پیارے کے غم سے نڈھال ہی تھے کہ اس دوران کے الیکٹرک کی ایک اور بے حسی سامنے آگئی جس میں متوفی کے گھر کا بل 4 لاکھ 40 ہزار 738 روپے کا بھیج دیا جو کہ صرف 55 گز پر بنا ہوا ہے۔

متوفی کی اہلیہ نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے تاکہ غفلت و لاپروائی کے ذمے داروں کا تعین کر کے انھیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں پیش آنے والے واقعے پر افسوس ہے،جائے وقوع پر کے الیکٹرک کا کوئی تار نہیں ٹوٹا اور نہ ہی کسی قسم کی شکایت موصول ہوئی۔ جائے حادثہ پر کے الیکٹرک کا انفراسٹرکچر بھی موجود نہیں،متعلقہ علاقے میں تجاوزات کے علاوہ بجلی کے حصول کے لیے کنڈے لگائے جاتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کے انفراسٹرکچر کے قریب غیر قانونی تعمیرات اور کنڈے خطرات کا باعث ہیں، میڈیا پر دکھائے جانے والے بجلی کا بل گزشتہ 6 برسوں کا ہے جس میں سال 2013 سے اب تک کے واجبات واضح نظر آرہے ہیں ، کے الیکٹرک کی جانب سے تمام تر بلنگ قواعد و ضوابط کے مطابق کی جاتی ہے۔

The post متوفی رکشا ڈرائیور کے گھر کا بجلی بل سوا 4 لاکھ روپے بھیج دیا گیا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2Kxr74i