کولمبو: سری لنکا کے سابق کرکٹر اویشکا گوناوردنے اپنی بے گناہی کا راگ الاپنے لگے، انھوں نے خود پر عائد آئی سی سی کرپشن چارجز کو چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے گذشتہ ہفتے سری لنکا کے 2 سابق کرکٹرز اور ایک ٹیم اینالسٹ پر کرپشن چارجز عائد کیے گئے تھے، ان میں سے ایک اویشکا گوناوردنے نے اپنے خلاف تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ان پر الزام ہے کہ2017 میں ٹی 10 لیگ میں شرکت کے دوران امارات کرکٹ بورڈ کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی، چارجز کے مطابق گوناوردنے نے ساتھی کھلاڑیوں کو فکسنگ پر اکسانے، ان کی حوصلہ افزائی کرنے یا اس میں سہولت کاری کرنا چاہی، انھوں نے اینٹی کرپشن حکام کے ساتھ معلومات بھی شیئر نہیں کیں۔
کولمبو میں میڈیا سے بات چیت میں گونا وردنے نے خود کو بے قصور قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ چارجز صرف ایک پلیئر کے کہنے پر عائدکیے گئے جس سے میرے اختلافات ہیں،جس پلیئر کے کہنے پر یہ سب کچھ کیا گیا وہ اپنی دیانتداری کے گیت گاتا رہتا ہے، ایک سے زائد مرتبہ ایسا ہوا کہ میں نے اس کو ٹورنامنٹس یا ٹیموں میں نہیں کھلایا اور اس کی وجہ نظم و ضبط کا فقدان اور فٹنس کا غیرمعیاری ہونا تھا، ایسے شخص کی گواہی پر کس طرح مجھ پر چارجز عائد ہوسکتے ہیں۔
گوناوردنے نے سری لنکا کرکٹ بورڈ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نے بغیر تحقیقات کے مجھے معطل کردیا جوکسی طرح درست نہیں ہے۔ وکیل کرشمل ورناسوریا نے کہاکہ جب گوناوردنے نے اماراتی بورڈ سے کوئی معاہدہ ہی نہیں کیا تو قوانین کے تابع کیسے ہوگئے۔
دوسری جانب سری لنکا بورڈ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا نے کہاکہ گوناوردنے کو تحقیقات ہونے تک معطل کیا گیا،چونکہ آئی سی سی ان کے خلاف انکوائری کررہی ہے اس لیے ہمیں خود سے کوئی تحقیقات کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
The post کرپشن کیس؛ سری لنکن کرکٹر بے گناہی کا راگ الاپنے لگے appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل http://bit.ly/2WJ3dWR