ممبئی: انگلینڈ میں شاندار پاکستانی ریکارڈز سے بھارت پرگھبراہٹ طاری ہوگئی۔
بھارت کے سابق کپتان ساروگنگولی نے ایک بار پھر آنے والے ورلڈ کپ کیلیے پاکستان ٹیم کو فیورٹس میں شامل قرار دے دیا، وہ خاص طور پر انگلش سرزمین پر کھیلے جانے والے آئی سی سی ایونٹس میں گرین شرٹس کی پرفارمنس کی وجہ سے اسے خطرناک سائیڈ سمجھتے ہیں۔
گنگولی نے کہاکہ انگلینڈ میں کھیلے جانے والے عالمی ٹورنامنٹس میں پاکستان کا ریکارڈ شاندار رہا، وہ 2 برس قبل وہاں پر چیمپئنز ٹرافی جیت چکے ہیں، 2009 میں ورلڈ ٹوئنٹی 20 بھی گرین شرٹس نے انگلش سرزمین پر ہی جیتا تھا۔
سابق بھارتی کپتان نے خاص طور پر جاری سیریز کے دوسرے ون ڈے کا بھی حوالہ دیا جس میں گرین شرٹس نے بھرپور فائٹ کی تھی، انھوں نے کہاکہ پاکستانی ٹیم نے ہمیشہ ہی انگلینڈ میں اچھا کھیل پیش کیا، رواں سیریز کا دوسرا ون ڈے دیکھ لیں جہاں پر میزبان سائیڈ نے 374 رنز بنائے اور حریف سائیڈ صرف 12 رنز سے ہاری، وہ اپنے بولنگ اٹیک کی وجہ سے انگلش ٹیم کو ان کے گراؤنڈز پر ٹیسٹ میچز میں ہرا چکے ہیں۔
گنگولی نے اپنی ٹیم کو اچھی طرح ڈرانے کے بعد حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ میں ریکارڈز پر یقین نہیں رکھا، دونوں ٹیموں کو اپنے مخصوص دن میں بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا، بھارت ایک اچھی ٹیم ثابت ہوگی، اسے ہرانا بہت ہی مشکل ہوگا، جس سائیڈ میں کوہلی، روہت اور شیکھر دھون جیسے کھلاڑی موجود ہوں وہ کمزور ہو ہی نہیں سکتی۔
جب گنگولی سے کہا گیا کہ وہ موجودہ بھارتی ٹیم اور اپنی زیر قیادت 2003 ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے والی سائیڈ کا موازنہ کریں تو ان کا جواب تھا کہ دونوں الگ نسلوں کی ٹیمیں تھی، ہم نے 2003 میں فائنل کھیلا اور مجھے امید ہے کہ کوہلی الیون اب ٹرافی بھی جیتے گی۔
The post انگلینڈ میں کرکٹ؛ پاکستانی ریکارڈز سے بھارت پر گھبراہٹ طاری appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل http://bit.ly/2W9TkEs