قبائلی نوجوانوں کو اکسانے کیلئے بیرون ملک سے سازش ہورہی ہے، وزیراعظم - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

قبائلی نوجوانوں کو اکسانے کیلئے بیرون ملک سے سازش ہورہی ہے، وزیراعظم

مہمند ایجنسی: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قبائلی نوجوانوں کو اکسانے کے لیے بیرون ملک سے سازش ہورہی ہے۔

مہمند ایجنسی میں ڈیم کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جو کام انہوں نےکیا وہ کام عدلیہ کا نہیں حکومت کا تھا تاہم سابق چیف جسٹس نے مجبوری میں ڈیمز بنانے کی ذمہ داری اٹھائی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج نے وادی تیراہ میں امن کی بڑی جنگ لڑی، پاک فوج کو تیراہ سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے پر سلام پیش کرتاہوں، اس ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بیروزگاری ہے، ملک میں جتنازیادہ امن ہوگا اتنی سرمایہ کاری آئے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں حکومتیں عوام کے بارے میں سوچنے میں ناکام رہیں تاہم ہم نے پاکستان کو چین کی طرح ترقی یافتہ بنانا ہے، چین نے غریب لوگوں کو اوپر اٹھا کر ترقی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو، افغانستان سے تجارت کھولنے کا مطالبہ پورا کروں گا جب کہ قبائلی نوجوانوں کو اکسانے کے لیے بیرون ملک سے سازش ہورہی ہے لہذا قبائلی علاقوں کو اٹھانے کے لیے چاروں صوبے 3 فیصد شیئر دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آپ پر کوئی الزام لگتا ہے تو جواب دیں، میں نےایک سال میں 60 دستاویزات عدالت میں پیش کیں، طاقتور سے پیسے کا حساب مانگو تو سیاسی انتقامی کارروائی کا الزام لگاتا ہے، ان پر کرپشن کا الزام ہے تاہم بجائے صفائی پیش کرنے کے پارلیمنٹ میں شور مچایا جارہا ہے اور کہتے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پیسہ چوری کرنے والا کہتا ہے کہ باہر جاکرعلاج کراناہے، ایسے ملک نہیں چلتا، اربوں روپے کی چوری میں ملوث شخص کہتا ہے ذہنی دباؤ ہے، 10 سالوں میں ملک کا قرضہ 6 ہزار ارب سے 30 ہزار ارب تک پہنچ گیا، اپوزیشن کے شور کا مقصد این آر او مانگنا ہے تاہم کرپٹ لوگوں کو این آر او دیا تو قوم سے غداری کروں گا۔

The post قبائلی نوجوانوں کو اکسانے کیلئے بیرون ملک سے سازش ہورہی ہے، وزیراعظم appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2IUvWEX