کراچی: کراچی میں نیسٹ آئی او کے زیرِ اہتمام اسٹارٹ اپ ویک اینڈ کا کامیاب اختتام ہوگیا ہے جس میں تین فاتحین کو انعام یافتہ قرار دیا گیاہے۔
رواں ہفتے ختم ہونے والی اس تین روزہ تقریب کا انعقاد کراچی میں واقع نیسٹ آئی او نے کیا تھا۔ اسٹارٹ اپ ویک اینڈ نامی اس مقابلے میں 100 شرکا پر مشتمل مختلف ٹیموں نے اختراعاتی اور ٹیکنالوجی پر مبنی 17 اسٹارٹ اپ آئیڈیاز دیئے جن کا موضوع ’اسٹارٹ فاردی سٹی‘ تھا۔ پہلے روز انٹرپرونیئرشپ پر 60 آئیڈیاز پیش کئے گئے۔ جنہیں مشہور اساتذہ، کوچز اور اپنے اپنے شعبے کے ماہرین نے دھیان سے سنا واضح رہے کہ تین روز تک جاری رہنے والا یہ مقابلہ جمعہ 26 اپریل کو شروع ہوا تھا۔
طالبعلموں کی رہنمائی کرنے والی کوچز میں ای ایل این کی روحِ رواں ثنا فاروق، سوشل چیمپ کے بانی سمیر احمد خان، مایا کلوسیٹ کی سبین مراد، عورت راج سے وابستہ صبا خالد، سستا ٹکٹ پی کے ویب سائٹ کے مشہود رستگر، سیکرٹ اسٹاش کی بانی نازش حسین، اسمارٹ چوائس پی کے سے وابستہ سبطین جیوانی اور دیگر شامل تھے۔
اسٹارٹ اپ ویک اینڈ میں معلوماتی مباحثے بھی ہوئے جن میں اسٹارٹ اپ کامیاب بنانے کی تجاویز اور آرا پیش کی گئیں۔
تین بہترین اسٹارٹ اپس کا احوال
اسٹارٹ اپ ویک اینڈ کے 54 گھنٹوں میں 17 آئیڈیاز کے معاشی، تجارتی، مارکیٹنگ اور دیگر پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ پہلا انعام my DUPO نامی ایپ کو دیا گیا جس کے ذریعے والدین اپنے بچوں کی اسکول وین کو حقیقی وقت میں ٹریک کرسکتے ہیں جس سے بچوں کا سفر محفوظ اور کم خرچ ہوجاتا ہے۔
کراچی میں پانی کے مسائل حل کرنے کے لیے ایک اور آئیڈیا واٹر اے ٹی ایم کے نام سے پیش کیا گیا جس میں ایسے ای ٹی ایم کا تصور پیش کیا گیا تھا جس میں رقم ڈالنے سے پانی فراہم ہوتا ہے۔ تیسرا انعام گیم لسٹ کو دیا گیا جو تمام گیمرز اور گیمنگ سہولیات کے لیے ون اسٹاپ شاپ کی طرز پر ایک پلیٹ فارم کی تشکیل پر تھا۔
اس موقع پر پاکستان سافٹ ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن کی صدر اور نیسٹ آئی او کی بانی جہاں آرا نے کہا کہ انعام یافتگان کا انتخاب ایک مشکل ترین مرحلہ تھا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تمام اسٹارٹ اپ آئیڈیاز بہت عمدہ تھے۔ لیکن اگلے مرحلے میں صفر سے ایک اسٹارٹ اپ کمپنی قائم کرنا ہی سب سے بڑی کامیابی ہے جس کی جگہ کوئی اور اعزاز یا ٹرافی نہیں لے سکتی۔
واضح رہے کہ نیسٹ آئی او ان آئیڈیاز کو کامیاب بزنس میں ڈھالنے کے لیے تمام تر تربیت اور مواقع بھی فراہم کرے گا۔
نیسٹ آئی او پاکستان کی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹیکنالوجی انکیوبیٹر کمپنی ہے جسے پاکستان سافٹ ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن نے گوگل ، سام سنگ اور امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے تعاون سے شروع کیا ہے۔ ادارے کا اہم مقصد نئے اینٹرپرونیئرز اور کمپنیوں کو تربیت، مواقع ، معلومات اور دیگر سہولیات فراہم کرنا ہے ۔ اس دوران کامیاب ادارے اور اس کے سربراہان نوجوانوں کو ہرممکن رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
The post کراچی اسٹارٹ اپ ویک اینڈ 2019 کے تین فاتحین کا اعلان کردیا گیا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » سائنس/ٹیکنالوجی http://bit.ly/2GXl9ra