لاہور: ورلڈکپ کے ساتھ 5 اسٹارکرکٹرز کے ون ڈے کیریئر کا سورج بھی غروب ہوگا اور شعیب ملک،کرس گیل، ڈیل اسٹین، جے پال ڈومینی اور عمران طاہر آخری بار ایکشن میں نظر آئیں گے۔
طویل ون ڈے کیریئرکے بعد ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرنے والے5 کرکٹرز ورلڈ کپ کے بعد اس فارمیٹ کو خیرباد کہہ دیں گے، 282 ایک روزہ میچز میں 7481 رنز بنانے والے پاکستان کے پانچویں کامیاب ترین بیٹسمین شعیب ملک نے آف اسپن بولنگ کا جادو جگاتے ہوئے156وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں، ایک مستعد فیلڈر خیال کیے جانے والے آل راؤنڈر نے 96 کیچز بھی تھامے ہیں، انھوں نے گزشتہ سال جون میں ہی اعلان کردیا تھا کہ ورلڈکپ کے بعد صرف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔
ویسٹ انڈین ٹیم میں کم بیک کے بعد انگلینڈ کیخلاف 4 اننگز میں 424 رنز بنانے والے کرس گیل نے بھی رواں سال کے آغاز میں ہی اعلان کر دیا تھا کہ ورلڈکپ کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل نہیں کھیلیں گے۔
اپنے کرکٹ کیرئیر کے دوران بار بار انجریز کا شکار ہونے کے باوجود دنیا کے تیز ترین اور مہلک پیسرز میں شمار کیے جانے والے ڈیل اسٹین نے بھی گزشتہ سال جولائی میں اعلان کردیا تھا کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔
ایک اور جنوبی افریقی اسٹار جے پال ڈومینی نے بھی انجریز کا مقابلہ کرنے کے باوجود 5047رنز جوڑے ہیں،کفایتی بولنگ کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں، آل راؤنڈر میگا ایونٹ کے بعد صرف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گے۔
ون ڈے کرکٹ میں جنوبی افریقہ کے سب سے کامیاب اسپنر عمران طاہر نے 162شکار کر رکھے ہیں، انھوں نے بھی ورلڈکپ کے بعد خود کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ تک محدود کرنے کا اعلان پہلے ہی کردیا تھا۔
The post ورلڈ کپ 2019 میں 5 اسٹار کرکٹرز کا کیریئر تمام ہوگا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل http://bit.ly/2ZQbieg