کراچی: پی آئی اے کی بین الاقوامی پروازوں پر جانے والے عملے کو 11ماہ سے سلپ اور فلائنگ الاؤنس سمیت دیگر واجبات کی ادائیگی نہیں کی جاسکی۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے بین الاقوامی پروازوں پر جانے والا عملہ 11ماہ سے الاونس سے محروم ہے،قومی ایئر لائن میں کیبن کرو (ایئرہوسٹسز، فلائٹ اسٹیورڈز)کی تعداد 1800 کے قریب ہے، بیرون ملک پروازوں پر جانے والے عملے کو 70 ڈالر یومیہ کھانے اور دیگر متفرق اخراجات کے لیے ادائیگی کی جاتی ہے جب کہ بین الاقوامی الاؤنس کا ماہانہ حجم 5 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے، یوں مجموعی طورپر پی آئی اے انتظامیہ کو 55 کروڑروپے کی ادائیگی کرنی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی پروازوں پر جانے والا عملہ بیرون ملک قیام کے دوران اپنی جیب سے اخراجات پورے کرنے پر مجبور ہے، بین الاقوامی الاؤنس کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے فضائی میزبانوں کی نمائندہ تنظیم پاکستان ایئرلائن کیبن کرو ایسوسی ایشن (پکا) کی جانب سے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو خط بھی لکھا گیا ہے۔
خط کے متن کے مطابق نومبر 2018 میں تمام الاونسز اداکرنے کا وعدہ کیا گیا جسے تاحال پورا نہیں کیا جاسکا، موجودہ صورتحال کی وجہ سے پی آئی اے کے فضائی میزبان 11ماہ سے سلپ اور فلائنگ آلاؤنس نہ ملنے کی وجہ سے ذہنی دباؤ کا شکار ہیں ۔
The post پی آئی اے کی بین الاقوامی پروازوں پرجانےوالا عملہ 11ماہ سے واجبات سے محروم appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2HttbHI