ڈینور: امریکا کے ایک ہائی اسکول میں فائرنگ سے ایک طالب علم ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امريکی رياست کولوراڈو کے شہر ڈينور کے ايک ہائی اسکول ’اسٹیم اسکول ہائی لینڈ رینج‘ ميں مبینہ طور پر اسکول کے ہی 2 طلبا نے اپنے ساتھیوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک طالب علم ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔
پولیس نے اسکول کا گھیراؤ کرکے اسکول میں موجود 1800 طالب علموں کو بحفاظت نکالا اور اس دوران فائرنگ کرنے والے دونوں طالب علموں کو بھی گرفتار کرلیا گیا، پولیس نے سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر گرفتار شدگان کی شناخت اور تصاویر جاری کرنے سے انکار کردیا ہے جب کہ دیگر اسکولز کے لیے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
ریسکیو اداروں نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں زخمی طالب علموں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ والدین، ساتھی طلبا اور شہریوں کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی جہاں رقت آمیز مناظر دیکھے گئے۔ دو بچوں کی حالت زیادہ خراب ہے۔
واضح رہے کہ اسی اسکول سے صرف سات کلو میٹر دوری پر واقع ’ کولمبائین ہائی اسکول‘ میں 1999 کو دو حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے 12 طلبا اور ایک استاد کو قتل کردیا تھا جب کہ دونوں حملہ آور بھی مارے گئے تھے اس واقعے میں 24 بچے زخمی بھی ہوئے تھے۔ امریکا میں رواں برس فائرنگ کا یہ 115 واں واقعہ ہے۔
The post امریکا میں اسکول پر حملہ، 1 طالب علم ہلاک اور 8 زخمی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل http://bit.ly/2vJ2Lfh