لندن: اس وقت انسٹا گرام اور سوشل میڈیا پر خواتین غیر روایتی انداز سے اپنے ہونٹوں کو سجارہی ہیں جسے دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے۔
اس نئے فیشن کو متعارف کرانے والی 25 سالہ ’منی مِک گی‘ لیڈز میں رہتی ہیں اور اب صرف انسٹا گرام پر ان کے مداحوں کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جب کہ وہ آن لائن کاروبار سے بھی خطیر رقم کمارہی ہیں۔
سال 2010ء سے اپنا کام شروع کرنے والی منی اب تک ہزاروں انداز سے ہونٹوں کو نیا روپ دے چکی ہیں۔ سب سے پہلے انہوں نے گلابی ہونٹوں پر نارنجی شیڈ دیا تھا اور اس کے بعد دانتوں میں ایک پونڈ کا سکہ دبا کر پہلی تصویر جاری کی تھی۔
انہیں پچپن سے ہی آرٹ سے لگاؤ تھا اور انہوں نے اس آرٹ کو خواتین کے ہونٹوں پر آزمانے کا فیصلہ کیا۔ اب تک وہ کئی فلموں، جرائد اور ویب سائٹ کے لیے لِپ آرٹ اور میک اپ کا کام کرچکی ہیں۔
انہوں نے بہت ذہانت سے لِپ آرٹ کو ایک نئے درجے تک پہنچایا ہے کبھی وہ ہونٹوں کو سائلنس آف دی لیمبس جیسی فلمی تھیم دیتی ہیں۔ کبھی وہ سینٹ پیٹرک ڈے پر ہونٹوں کو سبز رنگ دیتی ہیں جسے ان کے مداح بہت سراہتے ہیں۔
ہیلووین کے موقع پر انہوں نے ہونٹ کو ایک حقیقی آنکھ کا روپ دیا اور اس پر مصنوعی پلکیں بھی لگائیں جسے لوگوں نے بہت پسند کیا۔ 2018ء میں انہوں نے شہد کی مکھیوں کے تحفظ کے لیے اپنی مہم چلائی اور ہونٹوں کو شہد کی مکھی کی طرح سجایا اور اس کا اثر دنیا بھر میں ہوا۔
اس تصویر میں ایک مردہ شہد کی مکھی بھی دکھائی دیتی ہے جس پر اعتراض کیا گیا لیکن منی کے مطابق یہ مکھی ان کے والد کے باغ میں مردہ حالت میں ملی تھی جسے انہوں نے اپنے آرٹ کا حصہ بنالیا۔
وہ کہتی ہیں کہ میں اپنے ہونٹوں پر بنائے فن پاروں کی تصاویر جملہ حقوق کے ساتھ فروخت کرتی ہوں جس سے بہت اچھی آمدنی ہوجاتی ہے۔ اب دیگر خواتین بھی اپنے ہونٹوں پر آرٹ کے نمونے بنوانے کے لیے ان کے پاس آرہی ہیں۔
The post ہونٹوں کو حیرت انگیز انداز سے سجانے کا نیا رجحان appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب https://ift.tt/2Up84P3