نئی دلی: بھارت کی مختلف ریاستوں میں طوفانِ باد و باراں سے 35 افراد ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کے وسطی اور مغربی علاقوں میں زور دار گرد آلُود طوفان کے ساتھ موسلا دھار بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 35 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 50 سے زائد زخمی ہیں۔
طوفانِ باد و باراں میں سب سے زیادہ راجستھان، مدھیہ پردیش اور گجرات کی ریاستیں متاثر ہوئیں، سب سے زیادہ ہلاکتیں 15 مدھیہ پردیش میں ہوئیں جب کہ ریاست راجھستان اور گجرات میں 10، 10 افراد ہلاک ہوئے، زیادہ تر جانی نقصان آسمانی بجلی گرنے سے ہوئیں جب کہ لینڈ سلائیڈنگ میں درجنوں گھر تباہ ہوگئے۔
طوفان اور بارشوں کے تازہ لہر کے بعد متاثرہ ریاستوں کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ایمبولینس کے ذریعے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ ریسکیو اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ سڑکوں پر گرنے والے درختوں، بل بورڈز اور کھمبوں کو ہٹایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ موسمی تغیرات کے باعث بھارت کو گزشتہ برس بھی ایسے ہی ہلاکت خیز طوفان اور موسلا دھار بارشوں کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے باعث شمالی بھارتی ریاستوں میں 125 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
The post بھارت میں طوفان اور تیز بارشوں میں 35 افراد ہلاک appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل http://bit.ly/2Gu99xu