اب پتا چلا انضمام نے عابد کو کیوں نہیں کھلایا - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

اب پتا چلا انضمام نے عابد کو کیوں نہیں کھلایا

دبئی اسٹیڈیم جانا ہے، میں نے ٹیکسی میں بیٹھنے کے بعد ڈرائیور سے کہا، وہ کوئی بھارتی تھا کہنے لگا’’ اب وہاں کیا ہو رہا ہے پاکستانی لیگ تو ختم ہو چکی‘‘ میں نے اسے بتایا کہ ان دنوں وہاں پاکستان اور آسٹریلیا کی ون ڈے سیریز چل رہی ہے، پھر جب ہم اسٹیڈیم پہنچے تو باہر کے حالات سے ہی واضح ہو گیا کہ جمعے کو چھٹی والے دن بھی لوگوں نے آنے کی زحمت نہیں کی ہے۔

پی ایس ایل میں تو پھر بھی چند ہزار لوگ آ جاتے تھے، یہاں تو اس سے بھی کم افراد ہی موجود ہوں گے، حالانکہ اس بار تو ٹکٹ کی قیمت بھی20 درھم رکھی گئی، پہلے بھی کئی بار یہ بات کہہ چکا کہ یو اے ای میں لوگ ملازمت کرنے آتے ہیں۔

ان کے پاس اتنا وقت اور پیسہ نہیں کہ ہر وقت اسٹیڈیم آ کر میچز دیکھتے رہیں، بہت زیادہ کرکٹ نے یہاں کا چارم ختم کر دیا ہے، میں ابھی کراچی میں پی ایس ایل میچز کور کرنے کے بعد دبئی آیا ہوں، وہاں آٹھوں میچز میں شائقین کی بہت بڑی تعداد نیشنل اسٹیڈیم آئی، اس سے صاف ظاہر ہے کہ اب پی سی بی کو اپنی کرکٹ ہر صورت پاکستان منتقل کرنا ہوگی۔

اسٹیڈیم کی طرح میڈیا باکس بھی تقریباً خالی ہی ہے، اوپر آتے وقت میری نظر ایک شاندار گاڑی پر پڑی اس سے چیف سلیکٹر انضمام الحق اترے اور شان سے اندر جانے لگے، میں نے سوچا قسمت ان پر مہربان ہے، ریٹائرمنٹ کو کئی برس بیت چکے مگر اب بھی کرکٹرز والے انداز برقرار ہیں، تقریباً ہر ٹور میں ’’پلیئرز کی کارکردگی‘‘ کا جائزہ لینے آ جاتے ہیں، ٹیم کے ساتھ فائیو اسٹار ہوٹل میں ہی قیام کرتے اور ڈیلی الاؤنس بھی وصول کرتے ہیں۔

ماہانہ تقریباً15 لاکھ روپے تنخواہ الگ ہے، مگر ان کے انداز بتا رہے ہیں کہ وہ ورلڈکپ کیلیے آخری بار کوئی ٹیم منتخب کریں گے،آسٹریلیا سے اسی سیریز کی مثال دیکھ لیں، کپتان سرفراز احمد سمیت 6 کھلاڑیوں کو ’’آرام ‘‘ کرا دیا جس کا نتیجہ شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا،عابد علی اور سعد علی کو ساتھ لے کر آئے مگر سیریز ہارنے کے بعد ہی آزمانے کی زحمت گواراکی، عابد نے آتے ہی صلاحیتوں کا بہترین اظہار بھی کر دیا۔

ویسے مجھے ڈر ہے کہ جس طرح انضمام کا انٹرنیشنل کیریئر آنسوؤں کے ساتھ ختم ہوا تھا بطور چیف سلیکٹر دور میں بھی ایسا نہ ہو،آج تو عابد علی کی اننگز روشنی کی کرن بن کر سامنے آئی ہے، ’’تیز بخار‘‘ میں مبتلا امام الحق آخری لمحات میں باہر ہوئے البتہ باؤنڈری لائن پر نظر ضرور آئے، ان فٹ شعیب ملک نے ہوٹل میں ہی آرام کیا تھا، عابد کی اننگز دیکھ کر ایک صاحب نے آج ایک زبردست تبصرہ کیاکہ ’’اب پتا چلا انضمام عابد علی کو کیوں نہیں کھلا رہے تھے‘‘۔

The post اب پتا چلا انضمام نے عابد کو کیوں نہیں کھلایا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2YJBpDk