دبئی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے آج کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری میچ اتوار کو دبئی کے اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، میزبان سائیڈ کی جانب سے ورلڈ کپ سے قبل اہم ترین سیریز میں بنچ پاور کو آزمانے کا فیصلہ کیا گیا جس کا نتیجہ اب تک کھیلے گئے چاروں میچز میں ناکامی کی صورت میں سامنے آیا۔
چوتھے مقابلے میں ڈیبیو پر عابد علی کی سنچری اور محمد رضوان کی سیریز میں دوسری تھری فیگر اننگز کی بدولت گرین شرٹس کی کامیابی کا امکان پیدا ہوا مگر ان دونوں میں سے کوئی بھی مقابلے کو فنش نہیں کرپایا۔
پاکستان کی جانب سے آخری مقابلے کی الیون میں بھی ردوبدل کا امکان موجود ہے، شعیب ملک اگر فٹ ہوجاتے ہیں تو پھر ان کے لیے عمر اکمل کو راستہ دینا پڑے گا، ٹاپ آرڈر عابد علی کی جگہ برقرار رہنے کا امکان ہے تاہم امام الحق کے تندرست ہونے کی صورت میں ان کا جگہ کیلیے شان مسعود سے مقابلہ ہوگا، اسی طرح محمد عامر اور محمد حسنین میں بھی ٹائی پڑسکتی ہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پلیئنگ الیون میں کسی ردوبدل کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے، دبئی کی وکٹ سلو بولرز اور بیٹسمینوں کیلیے معاون ثابت ہوگی، موسم کی مداخلت کا امکان نہیں ہے۔
2018 کے آغاز سے اب تک پاکستان کا رواں برس ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے خلاف ریکارڈ مایوس کن رہا ہے، اس عرصے میں اسے ان ٹیموں کے خلاف صرف 4 کامیابیاں حاصل ہوئیں جبکہ 16 میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، ان فتوحات میں سے بھی ایک گذشتہ برس ایشیا کپ میں افغانستان کے خلاف آخری اوور میں حاصل ہوئی تھی۔
The post آسٹریلیا سے آج پانچواں ون ڈے؛ گرین شرٹس بحالی وقار کیلیے کوشاں appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2UeYvCk